عام انتخابات:الیکشن کمیشن نے عالمی مبصر ین کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیدی

عام  انتخابات:الیکشن  کمیشن  نے  عالمی  مبصر ین  کیلئے   ضابطہ  اخلاق  کی  منظوری  دیدی

اسلام آباد(وقائع نگار،نیوز ایجنسیاں )الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ الیکشن سے متعلق تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں،الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران عالمی مبصرین کیلئے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیدی۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا جس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت خارجہ کوفوری طور پر تحریر کیا جائے کہ وہ بین الاقومی مبصرین کو آئندہ عام انتخابات کی شفافیت کے مشاہدہ کیلئے مدعو کرنے کے سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کرے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے غیرملکی مبصرین کو عام انتخابات میں مدعو کرنے کے حوالے سے دفتر خارجہ کو خط لکھ دیا،الیکشن کمیشن نے دفتر خارجہ سے غیرملکی مبصرین کی تنظیموں کی لسٹ مانگ لی،خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ دو ہزار سترہ کے سیکشن 238 کے تحت بین الاقومی مبصرین کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کی سربراہی میں 16اکتوبر کو بین الوزارتی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کر دی جس میں وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں کے سینئر افسران شریک ہوں گے اور عالمی مبصرین کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، الیکشن کمیشن نے تمام شراکت داروں بشمول وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ اور دیگر اداروں سے فوکل پرسنزکی تفصیل مانگ لی، اس کے علاوہ کمیشن نے صوبائی سطح پر الیکشن کمیشن کی طرف سے جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ایڈمن کو چاروں صوبوں میں فوکل پرسن مقرر کیا ہے ، الیکشن کمیشن نے عالمی مبصرین کے لئے ضابطہ اخلاق کی منظوری دیتے ہوئے اسے فوری طور پر شائع کرنے کی اجازت دی ہے ،کمیشن نے آئندہ عام انتخابات کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ الیکشن سے متعلق تمام امور شیڈول کے مطابق مکمل کئے جائیں۔۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں