پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے پر2ہزارجرمانے کا حکم
لاہور( کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے صوبہ بھر میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو دو ہزار جرما نہ کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے گھروں میں گاڑیاں دھونے اور گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والوں کو بھی پانچ پانچ ہزار جرمانہ کرنے کا حکم جاری کردیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدراک کے لئے دائر درخواستوں پر پانچ صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل کے چالان کا دائرہ پورے صوبے میں بڑھایا جائے اور ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کو دو ہزار روپے جرمانہ کیا جائے ۔ عدالت نے ایل ڈی اے کو عدالتی حکم کے بغیر کوئی نیا پراجیکٹ شروع کرنے سے روک دیا اور ہدایت کی کہ ایل ڈی اے کوئی بھی پراجیکٹ شروع کرنے سے پہلے محکمہ ماحولیات سے بھی ہدایت لینے کا پابند ہوگا ۔جسٹس شاہد کریم نے تحریری حکم میں مزید لکھا کہ ڈولفن پولیس گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے مانیٹرنگ کرے ۔عدالتی حکم میں پی ایچ اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ شہر میں مزید میاواکی جنگل لگائے جائیں اور پرانے درختوں کو محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ کالا دھواں چھوڑنے والے بھٹوں کے خلاف متعلقہ افسر کارروائیاں کریں ،بھٹوں کے خلاف کارروائیاں نہ کرنے والے افسروں کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی۔