محکموں کیخلاف شکایات، تحفظات کے ازالہ کیلئے کمیشن کی منظوری
لاہور (محمداشفاق سے )عدالتوں سے مقدمات کا بوجھ کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت کا بڑا اقدام ،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے سائلین کے تحفظات کے ازالہ کیلئے کمیشن کی منظوری دیدی، محکموں کے خلاف شکایت کرنے والے شہری کو عدالتوں سے پہلے کمیشن سے رجوع کرنا ہوگا ۔
نگران پنجاب حکومت نے محکموں کے حوالے سے کیسز نمٹانے کیلئے تحفظات کے ازالہ کے کمیشن کی منظوری دے دی، کمیشن کا نام گریوینس ریڈرسل کمیشن ہوگا ،نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کمیشن کی منظوری دی ، کسی بھی محکمے یا افسر کے خلاف اگر کوئی شکایت ہوگی تو عدالت سے رجوع کرنے سے قبل کمیشن سے رجوع کرنا لازمی قرار دے دیا گیا،کابینہ کی 17 اکتوبر کی میٹنگ کی روشنی میں محکمہ سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے کمیشن کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ،نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام انتظامی محکموں میں گریڈ 20 کے افسر کو تحفظات کے ازالہ کا کمیشن بنایا جائے گا ،شکایات نظرثانی کمیشن پندرہ روز میں درخواست پر فیصلہ کرے گا، تمام محکمے گریڈ 20 کے افسر کو شکایت نظرثانی کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری کریں۔