لاہور ہائیکورٹ :میانوالی بھکر کے سائلین کے کیسز قریبی بینچ منتقل کرنے کی منظوری
لاہور (محمدا شفاق سے )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمدامیر بھٹی نے میانوالی اور بھکر کے سائلین کے کیسز قریبی بینچ منتقل کرنے کی منظوری دے دی،سمری نگران پنجاب حکومت کو ارسال کردی گئی۔
سائلین کو میانوالی سے ساڑھے 6گھنٹے اور بھکرسے 6گھنٹے کا سفر کرکے لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر کیسز کی پیروی کیلئے آنا پڑتا تھا ، یوں بس پر آنے جانے پر سائلین کے 12سے 13گھنٹے لگ جاتے تھے ،اب میانوالی کے سائلین بذریعہ موٹروے ایک گھنٹہ 40منٹ میں راولپنڈی پہنچ کر اپنے کیسز دائر کرسکیں گے جبکہ بھکر کے سائلین اڑھائی گھنٹے میں ملتان پہنچ کر اپنے کیسز کی پیروی کرسکیں گے ۔کیسز منتقلی کی منظوری چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی زیر صدارت انتظامی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔وکلا رہنمائوں نے اس معاملہ پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمدامیر بھٹی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ، بیرسٹرعبدالمقسط کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے سائلین کا قیمتی وقت بچا کر بہت بڑا فیصلہ کیا ہے سائلین کو اس سے آسانی ہوگی قانونی ماہر اشتیاق چودھری کا کہنا ہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کے ان اقدامات سے مقدمات کو نمٹانے میں بھی مدد ملے گی قانونی ماہر عزت فاطمہ کا کہنا ہے دور دراز سے آنے والے سائلین کو ان اقدامات کے باعث بروقت انصاف کی فراہمی کا خواب پورا ہوگیا ۔ خیال رہے اس سے قبل ضلع گجرات اور پاکپتن شریف کے کیسز لاہور ہائیکورٹ کی پرنسپل سیٹ پر منتقل کیے جاچکے ہیں جبکہ لودھراں کو ملتان بینچ سے الگ کرکے کیسز بہاولپور بینچ منتقل کیے جاچکے ہیں۔