9 مئی واقعات کی مذمت کرتے ہیں

9 مئی واقعات کی مذمت کرتے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کو پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کو فرار کرانے کے الزام میں درج مقدمے میں سٹی کورٹ پیش کیا گیا۔

حلیم عادل شیخ سے پی ٹی آئی کے وکلاء جسٹس ریٹائرڈ نورالحق قریشی، ایڈووکیٹ بھگوان داس و دیگر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ہمارے 150 سے زائد ورکرز کو پکڑا گیا،آج بھی میں، راجہ اظہر و دیگر 9 مئی کی جھوٹی ایف آئی آرز میں پابند سلاسل ہیں ،جب کوئی ضمانت پر باہر نکلتا ہے تو اسے دوسرے من گھڑت کیس میں پکڑلیاجاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا،بس اور واٹر ٹینکر نہ جانے کس نے جلایاتھا،ہمارا پر امن احتجاج تھا 5 ماہ سے جیلوں میں قید ہیں۔ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم والوں نے 9 مئی کی رٹ لگا رکھی ہے وہ بتائیں محترمہ کی شہادت پر سندھ میں تباہی کس نے مچائی تھی،لوگوں کو شہید کیا گیا، ٹرینیں جلائی گئیں، املاک کو نقصان پہنچایا گیا، بینک لوٹے گئے ،کیا 27 دسمبر کے واقعات میں کوئی پی پی رہنما پکڑا گیا یا کسی کو سزا ہوئی؟ حلیم عادل نے کہا کہ ایم کیو ایم والے بھی شاید 12مئی بھول گئے ہیں، 12 مئی کو معصوم شہریوں اور سیاسی کارکنوں کو شہید کیا گیا۔ہم نے کوئی ایسا غیر قانونی کام نہیں کیا پھر بھی عدالتوں میں کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی ہم بھی مذمت کرتے ہیں واقعے کے جو اصل ذمہ داران ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں