ڈیفنس حادثہ:ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج

 ڈیفنس حادثہ:ملزم کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج

لاہور(اپنے خبر نگار سے ،کورٹ رپورٹر،آئی این پی)لاہور کی سیشن عدالت نے ڈیفنس کار حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو ہلاک کرنے کے مقدمہ کے ملزم افنان کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

ایڈیشنل سیشن جج شاہد محمود نے ملزم افنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی تو ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اب مقدمے میں پولیس نے دہشت گردی کی دفعات شامل کردیں، درخواست واپس لینا چاہتے ہیں ۔ عدالت نے درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ۔ ادھرانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم افنان کے والد شفقت کی عبوری ضمانت 27نومبر تک منظور کرلی اورپولیس کو گرفتار ی سے روک دیا، ملزم افنان کے والد کو گاڑی کا مالک ہونے پر مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ۔ادھر حادثہ بارے اہم پیش رفت سامنے آگئی ۔ذرائع کے مطابق پولیس نے کم عمر ڈرائیور افنان کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے دوست ابراہیم کو بھی حراست میں لے لیا ۔دنیا نیوز نے افنان اور اسکے دوست ابراہیم کی فوٹیج حاصل کر لی،ابتدائی تفتیش میں ابراہیم نے تصدیق کر دی کہ گاڑی افنان ہی چلا رہا تھا،افنان کا آج پولی گرافک ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا ۔ وقوعہ کے وقت گاڑی میں چار دوست افنان،ابراہیم، سعد اور علی موجود تھے ۔ مدعی مقدمہ رفاقت اور مرکزی ملزم افنان اور اسکے گرفتاردوست ابراہیم سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے اپنے دفتر میں پوچھ گچھ کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں