نواز شریف کا پختونخوا ،سندھ میں پارٹی اختلافات کا نوٹس

نواز شریف کا پختونخوا ،سندھ میں پارٹی اختلافات کا نوٹس

لاہور،مری (نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے خیبرپختونخوا اور سندھ کے پارٹی رہنماؤں میں اختلافات کا نوٹس لے لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے دونوں صوبوں کے رہنماؤں کو آپس کے اختلافات فوری ختم کرنے کی ہدایت کی اور دونوں صوبوں کے دورے اختلافات ختم کرانے سے مشروط کردئیے ،نواز شریف نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے مکمل متحد نہ ہونے تک دونوں صوبوں کا دورے نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ناراض رہنماؤں کو دوسری جماعتوں میں شامل ہونے سے روکنے کی بھی ہدایت کی،قائد نواز شریف نے سندھ کے صوبائی صدر بشیر میمن کو اختلافات ختم کروانے کا ٹاسک سونپ دیا، بشیر میمن نے کسی بھی وجہ سے ناراض پارٹی رہنماؤں کو منانے کیلئے ملاقاتیں شروع کر دیں، خیبر پختونخوا میں پارٹی رہنماؤں کے اختلافات ختم کروانے کی ذمہ داری کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دی گئی ہے ، جنہوں نے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا،کیپٹن (ر) صفدر خیبر پختونخوا کے الیکٹیبلز کی پارٹی میں شمولیت کے لئے بھی متحرک ہوگئے اور سیاسی خاندانوں سے ملاقاتیں بھی شروع کر دیں۔دریں اثنا نواز شریف لاہور میں چند روز قیام کے بعد کشمیر پوائنٹ مری پر واقع اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ، نواز شریف اسلام آباد مری ایکسپریس وے کے ذریعے کشمیر پوائنٹ پہنچے ان کے ہمراہ ان کی بیٹی مریم نواز بھی تھیں، مری میں قیام کے دوران نواز شریف اپنی لیگل ٹیم سے اپنے کیسز کے حوالے سے مشاورت بھی کریں گے ،جبکہ آج منگل کے روز اسلام آباد عدالت میں العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزاؤں کیخلاف دائر اپیلوں میں پیش ہوں گے جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بینچ نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کرے گا ،میاں نواز شریف کی مری آمد کے موقع پر ان کی رہائش گاہ کشمیر پوائنٹ پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل راجہ ضمیر الدین احمد بھی موجود تھے جنہوں نے ان کا استقبال کیا اور گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں لیکن اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مقامی عہدیداران سمیت کوئی بھی کارکن موجود نہ تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں