2018 جیسے انتخابات ملک کیلئے تباہ کن ہونگے :سراج الحق

2018 جیسے انتخابات ملک کیلئے تباہ کن ہونگے :سراج الحق

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 2024 ء کے انتخابات 2018ء کی طرح ہوئے توملک کیلئے تباہ کن ہونگے، عوام بیدار ہیں، 76برس کے جبر، ناانصافیوں سے ان کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا۔۔۔

 الیکشن میں ماضی کی طرح جعلی حکومت بنائی گئی تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا، ادارے الیکشن میں غیر جانبداررہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو مساویانہ مواقع دیئے جائیں ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے کہاکہ غزہ میں ظلم کے خلاف اور پاکستانی عوام کے حقوق کیلئے 22نومبر کو پشاور،23کو اسلام آباد، 24کو چنیوٹ، 25کو پاکپتن میں مظاہروں اور مارچز کا انعقاد کیاجائے گا۔ 26اور 27نومبر کوجنوبی پنجاب میں دوروزہ روڈکار واں کی قیادت کروں گا،23نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں فلسطینی بچوں سے اظہاریکجہتی کیلئے پاکستانی بچوں کا مارچ ہوگا۔ اتوار کو لاہور میں تاریخی غزہ مارچ میں بھرپور شرکت پر زندہ دلان لاہور سمیت تمام شرکا کا تہہ دل سے شکر گزار ہو ں ۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ نگران حکومت بھی غریبوں کا استحصال کررہی ہے ، ایک نگران وزیر اور سیکرٹری بیٹھ کرکلیدی معاملات پر احکامات لاگو نہیں کرسکتے ، فیصلوں کو مسترد کرتے ہیں،قوم نے مارشل لاادوار، پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتیں دیکھ لیں، اب وہ حقیقی تبدیلی چا ہتی ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ آج دنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جارہا تاہم اس دوران صیہونی افواج کی جانب سے غزہ میں بچوں کا قتل عام جاری ہے ۔ عالمی برادری، اسلامی ممالک کے حکمران، اقوام متحدہ، اوآئی سی خاموش ہوکر اسرائیل کی جنونیت دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں بھی پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، انہیں خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے ، حکمران طبقات آئندہ اقتدار پر مسلط ہونے کی تیاری میں ہیں، وقت آگیا ملک کو ووٹ سے فرسودہ نظام اور اس کے چوکیداروں سے نجات دلائی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں