پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری، متحدہ عرب امارات کیساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط: نگران وزیر اعظم، آرمی چیف کی شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات

پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری، متحدہ عرب امارات کیساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط: نگران وزیر اعظم، آرمی چیف کی شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات

ابوظہبی، اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز، وقائع نگار، نیوز ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔

 جن میں توانائی، پورٹ آپریشنز، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی کے شعبے شامل ہیں ان کے علاوہ لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں  میں سرمایہ کاری کیلئے بھی ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔ متحدہ عرب امارات کے صدر، پاکستان کے نگران وزیر اعظم اور آرمی چیف نے ایک اہم ملاقات کی۔ متحدہ عرب امارات پاکستان میں 20 سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا ۔سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی ۔اس سے قبل نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے گزشتہ روز ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے ۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کی ہرآزمائش پر پورا اترے ہیں۔

انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ سٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم کاکڑ نے اقتصادی اور مالیاتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کے لیے بھرپور تعاون پر گہرے شکر کا اظہار کیا اور کہا متحدہ عرب امارات 18 لاکھ پاکستانیوں کا گھر ہے جو دونوں برادر ممالک کی ترقی، خوشحالی اور اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطین میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے خصوصی طور پر علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز( کوپ 28 )کے لیے یو اے ای کی صدارت کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کے قیام سمیت ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے کلیدی شعبوں میں موثر اور نتیجہ خیز عالمی اقدامات کی جانب بامعنی پیش رفت کے موقع کے طور پر اس کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان توانائی، پورٹ آپریشنز پراجیکٹس، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، فوڈ سکیورٹی، لاجسٹکس، معدنیات اور بینکنگ اینڈ فنانشل سروسز کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ ان مفاہمت ناموں کی بدولت متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی اور سپیشل انویسٹمنٹ فیسی لیٹیشن کونسل کے تحت مختلف اقدامات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی اقدام قرار دیا جس سے پاک متحدہ عرب امارات اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کے متحدہ عرب امارات کیساتھ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے لئے مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔یو اے ای سے اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا جس پر دونوں ملکوں کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دوطرفہ معاہدوں سے علاقائی استحکام اور سٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ شیخ محمد بن زید النہیان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی ہے، سمجھوتوں پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزرا اور یو اے ای کے حکام نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوئے۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

 اسلام آباد(نمائندہ دنیا) متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج سے کویت کا دو روزہ دورہ کریں گے ۔دورے کے دوران وزیراعظم کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح اور ریاست کویت کے وزیراعظم ہز ہائینس شیخ احمد نواف الاحمد الصباح سے ملاقات کریں گے ۔اس دورے میں افرادی قوت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات کی تلاش،فوڈ سکیورٹی، توانائی اور دفاع کے شعبے میں مختلف معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔

نگران وزیراعظم کویتی امیر سے ملاقات اور 10ارب ڈالر کے 7مختلف منصوبوں پر دستخط کریں گے ، وہ کویت میں سرمایہ کاری سے متعلق سات مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کریں گے ،کویت آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی، مینگرووز، جنگلات کی حفاظت و توسیع کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گاجبکہ کویت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرے گا ۔ پاکستان اور کویت کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں۔ سال 2023 کو سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں