میڈیکل طالبہ قتل کیس: متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائینگے: محسن نقوی

میڈیکل طالبہ قتل کیس: متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائینگے: محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور کے تھانہ چوہنگ کی حدود میں میڈیکل کی طالبہ کے قتل کے المناک واقعہ کے ذمہ دارملزموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی۔

 اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں، کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی اورمظلوم خاندان کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے ۔محسن نقوی نے المناک واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اور ہدایت کی کہ ملزموں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور مرکزی ملزم سمیت مفرور ملزموں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بنوں کے علاقے بکاخیل سکیور ٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔دھماکے میں دو شہریوں کی شہادت پر افسوس اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ہے ۔خودکش حملے کے نتیجے میں تین فوجی جوانوں سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا ء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔ مٹھی بھر دہشتگرد عناصر قوم کے پختہ عزم کو شکست نہیں دے سکتے ۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے قوم متحد ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں ٹریفک حادثے میں 2پولیو ورکرز کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔جاں بحق پولیوورکرز کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق پولیو ورکرزکے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ زخمی پولیو ورکرز کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ آرپی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ۔وزیر اعلیٰ نے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے حوالے سے سکھ برادری کو مبارکباد دی اور کہا ہے کہ بابا گرونانک دیو جی محبت، امن اور بھائی چارے کے داعی تھے ۔ بابا گرونانک نے انسانیت سے پیار،مساوات اور ہمدردی کے پیغام کو عام کیا۔بابا گرونانک دیوجی مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں