الیکشن کے بعد پھرلٹیرے آگئے توملک کاخدا حافظ:سراج الحق

الیکشن کے بعد پھرلٹیرے آگئے توملک کاخدا حافظ:سراج الحق

سکھر،کراچی (نیوز ایجنسیاں )امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ میں خود کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں، آصف زرداری، نواز شریف، شہباز شریف بھی خود کو احتساب کے لیے پیش کریں،زرداری ملک میں قومی حکومت کی تجویز پیش کررہے ہیں لیکن ہمارے آئین میں اس کی کوئی گنجائش نہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں جماعت اسلامی کے انتخابی کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ،ان کا کہنا تھا کہ اگر اس بار بھی انتخابات میں لٹیرے آگئے تو پھر سمجھیں کہ اس ملک کا خدا حافظ، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس بار ایسا نہیں ہوگا ،عوام سو چ سمجھ کر فیصلہ کریں گے ۔ہمارا خیال تھا کہ پی ڈی ایم حکومت میں مولانا فضل الرحمان سودی نظام کا خاتمہ کریں گے مگر وہ ایسا نہ کرسکے ، ہمیں موقع ملا تو سب سے پہلے سودی نظام کا خاتمہ کریں گے ،بنجر اراضی کاشت کے لیے نوجوانوں میں تقسیم کریں گے ، ہم ملک کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور نہ ہونے دیں گے ، ان لوگوں نے پاکستان کو گندگی کا ڈھیر اور اصطبل بنادیا ہے ، ملک میں اس وقت قانون سب سے زیادہ مظلوم اور کمزور ہے ، ان لوگوں نے خود کو آقا اور عوام کو غلام سمجھ لیا ہے ،یہ قرضے لے کر خود ہڑپ کرجاتے ہیں مگر ان قرضوں کو چکانا عوام کو پڑتا ہے ،رانی پور میں فاطمہ قتل ہوجائے یا جڑانوالہ میں مسیحی برادری کے ساتھ کچھ ہوجائے ، یہ کہتے ہیں ،یہ ہمارا ایشو نہیں ہے ، حکمرانوں نے غزہ میں بچوں اور خواتین کی شہادت پر بھی غیرت نہیں دکھائی ،ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطینی بچے پوچھتے ہیں کہ اسلامی ممالک کی فوج کب آئے گی، میں نے اپنے حکمرانوں سے بات کی، وہ کہتے ہیں ہم نے چاکلیٹ ،ٹافیاں اور کھانے کی اشیا بھجوادی ہیں، وہ بتائیں کہ کیا کھانے کی اشیا سے جہازوں اور ٹینکوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے ،عوام 8 فروری کو ہمارا ساتھ دیں ،انہوں نے خطاب میں صحافی جان محمد مہر اور پروفیسر اجمل ساوند کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی بھی مذمت کی ۔کنونشن سے نائب امرا لیاقت بلوچ ،اسداللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی، ممتاز سہتو ،حزب اللہ جکھرو، ضلعی امیر زبیر حفیظ شیخ نے بھی خطاب کیا۔بعدازاں انہوں نے پرانا سکھر میں مدرسہ تفہیم القرآن کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں