بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر

ننکانہ صاحب،حسن ابدال (دنیا رپورٹ ،صباح نیوز) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 554 ویں جنم دن کی تین روز ہ تقریبات اکھنڈ پاٹھ کے بھوگ کی رسم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں، جنم دن کی خوشی میں شمعیں روشن کیں ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگرے ڈالے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا ۔

سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں تین روزہ قیام کے دوران اپنی مذہبی رسومات جن میں متھا ٹیکی، اکھنڈ پاٹھ ،شبد کیرتن ، اشنان ، نگر کیرتن اور گرو دواروں کی یاترا شامل ہیں اداکیں ،جنم دن کی تقریبات رات گئے اکھنڈ پاٹھ کے بھوگ کی رسم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں، اس موقع پرراج خالصہ اور پاکستان کی سالمیت واستحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں،بھارتی سکھ یاتری گرو دوارہ پنجہ صاحب کی یاترا کے لیے سکیورٹی حصار میں خصوصی بسوں کے ذریعے حسن ابدال روانہ ہوگئے جبکہ ہندو یاتری خصوصی ٹرین اور سپیشل بسوں اور کاروں پر اپنے گھروں کو لوٹ گئے ۔ باباگورونانک کے جنم کی تقریبات کا سری پنجہ صاحب حسن ابدال میں آغاز ہوگیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں