تجارتی سرگرمیاں رات 10بجے بند کرائی جائیں:لاہور ہائیکورٹ

تجارتی سرگرمیاں رات 10بجے بند کرائی جائیں:لاہور ہائیکورٹ

لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث تجارتی سرگرمیاں رات دس بجے بند کروانے کی ہدایت جاری کردی، عدالت نے دو دن گھر سے کام کرنے کی ہدایت بھی جاری کی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق اور دیگر کی درخواستوں پر تحریری حکم جاری کردیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ سموگ کے باعث سی سی پی او لاہور رات دس بجے تجارتی سرگرمیاں بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کروائیں،سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیر اعلیٰ کے سیکرٹری سی سی پی او لاہور کو اقدامات کرنے کی بھی ہدایات دیں، اس حوالے سے ایڈمنسٹریشن لاہور اور حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے ، فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ہفتے میں دو دن ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن بینکوں سمیت نجی اداروں کو جاری کیا جائے ،آلودگی کے باعث ڈی سیل ہونے والے انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کیا جائے ، آئندہ سماعت پر فیکٹریوں کو سیل کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے ، جسٹس شاہد کریم نے عدالتی حکم کے باوجود انڈسٹری یونٹس کو ڈی سیل کرنے والے محکمہ ماحولیات کے افسروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، عدالت نے گرین بیلٹ پر پارکنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے اور گرین بیلٹ کو نقصان پہنچانے والے فارم ہاؤس کو گرانے کا حکم بھی جاری کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں