ن لیگ،ناکام لیگ:بلاول:ہم ملک عظیم بنائینگے:زرداری

ن لیگ،ناکام لیگ:بلاول:ہم ملک عظیم بنائینگے:زرداری

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حریف سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا میں موسمی جمہوریت پسند نہیں ہوں، مسلم لیگ (ن)ناکام لیگ اور ملک بھر میں مہنگائی لیگ کے نام سے مشہور ہے۔

 یہ سیاست کے شوباز ہیں ،ہمیں ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے ، پیپلزپارٹی8 فروری کو سرپرائز دے گی، ملک کا وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ جیالے ہوں گے جبکہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جو لیڈر ملک کو آگے لے جائے بعض قوتیں اسے پیچھے کھینچتی ہیں ،بلاول پاکستان کے کم عمر ترین وزیرِ اعظم بنیں گے ،ملکی مسائل کے حل کیلئے فارمولے ہمارے پاس ہیں ، آپ، میں اور بلاول پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے ، بلوچستان کے وسائل گیس، پٹرول اور معدنیات عوام کے ہیں اس پر کسی اور کا کوئی حق نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے ایوب سٹیڈیم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری، سابق گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ، صوبائی صدر بلوچستان چنگیز جمالی،علی مدد جتک، صادق عمرانی اور دیگر قائدین نے بھی اظہار خیال کیا ۔ بلاول نے مزید کہا کہ نئے دور کے تقاضوں کے مطابق ملک کو چلانا ہے ، ملک کا 70 فیصد طبقہ نوجوان ہے ، نوجوانوں کی نمائندگی کوئی کھلاڑی نہیں میں کروں گا، آصف زرداری نے صدارت کا عہدہ سنبھال کر نفرت ، انا ، تقسیم اور انتقام کی سیاست کو دفن کر کے نئی تاریخ رقم کی ، پیپلز پارٹی نیا چارٹر آف اکانومی لائے گی ،پچھلی حکومت میں ن لیگ کے پاس وزارت خزانہ تھی، وہ فیل ہوچکی ۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی سوچ اور ایک نئی سیاست کی ضرورت ہے ،آئندہ انتخابات کے نتیجے میں بننے والی پی پی پی حکومت محنت کش طبقات کی مالی معاونت کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر یوتھ کارڈ، کسان کارڈ اور مزدور کارڈ کا اجراکرے گی ، کوئٹہ میں دل کے مفت علاج کا مرکز بنائیں گے ، کبھی مسلم لیگ (ن)تو کبھی تحریک انصاف اٹھارہویں ترمیم ختم کرنا چاہتی ہے ،ہم اٹھارہویں ترمیم کا تحفظ کریں گے ، آپ میرا ساتھ دیں تو ہم بلوچستان کی قسمت بدلیں گے ،زرداری نے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)شروع کی، پاکستان ایران گیس پائپ لائن کا آغاز کیا، اگر آج آپ لوگوں کو گیس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے تو آپ ان سے پوچھیں جنہوں نے صدر زرداری کے یہ منصوبے روکے ۔بعدازاں آصف علی زرداری نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں گیس، پٹرول اور معدنیات جو کچھ بھی ہے عوام کا ہے اس پر کسی اور کا کوئی حق نہیں ،بلوچستان پاکستان کا دل ہے لیکن افسوس اسلام آباد کو اور پاکستان کے دوسرے صوبوں کو پاکستان کا یہ دل نظر نہیں آتا لیکن ہمیں نظر آتا ہے ، اس دل کو جیتنابہت ضروری ہے ۔ شریک چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان کی دھرتی پر ایک دکھ پھیلا ہوا ہے جس پر ہمیں مرہم رکھنا ہے ، ہم یہاں پانی فراہم کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ بلاول نے کم عمر وزیر خارجہ بن کر پاکستان کی عزت بلند کردی، ہمیں بلاول کو سپورٹ کرنا ہے اس کی تربیت کرنی ہے ، آپ بھی دیکھیں گے میں بھی دیکھوں گا، ہم پاکستان کو دوبارہ ری ڈیفائن کریں گے ، بلاول کو یوتھ کا آج کل اور مستقبل کا لیڈر بنانا ہے ۔

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ، دنیا نیوز ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)بلوچستان میں بی اے پی ،پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزرا اور خواتین رہنماؤں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے کوئٹہ کے جلسہ میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا جبکہ آصف علی زرداری کی جناح ٹاؤن میں ملک شاہ ہاؤس اور ڈومکی ہاؤس آمد پر بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سابق صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی، بلوچستان عوامی پارٹی کی رہنما سابق رکن اسمبلی ثمینہ خان ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسابق صوبائی وزیر نصیب اﷲ مری، میر حیر بیار ڈومکی، میر لیاقت لہڑی ، ولی اچکزئی، علاؤ الدین کاکڑ، سردار زادہ حیدر ، میر حسن ڈومکی اور دیگر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ادھر پیپلز پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے آصف زرداری کو بلاول کی تقریر کے دوران بلوچی دستار پہنائی،بعدازاں زرداری نے دستار اپنے خطاب کے بعد بلاول کو پہنادی ۔ ادھرپیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر بلاول کے اعزاز میں عشائیہ دیا،بلاول کی سکیورٹی نے پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی کو عشائیے میں داخلے سے روک دیا جس پروہ ناراض ہوکر واپس چلے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں