فوری بریت، نوازشریف کے لاڈلہ ہونے میں شک نہیں رہا،پرویز الٰہی

فوری بریت، نوازشریف کے لاڈلہ ہونے میں شک نہیں رہا،پرویز الٰہی

لاہور (کورٹ رپورٹر) سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف لاڈلے بنے ہیں مگر عوام الیکشن میں انہیں آٹے دال کا بھاؤ بتا دے گی جو مرضی کرلیں ووٹ کی پرچی سے تبدیلی آئے گی۔

پیشی پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہاکہ نوازشریف کی فوری بریت کے بعد بھی ان کے لاڈلے ہونے میں کوئی شک باقی رہ گیا ہے ؟ نوازشریف اور شہبازشریف عوامی عدالت میں اپنے کرتوتوں کا حساب دینے کیلئے تیار رہیں، ہیرا پھیری کے چیمپئن  شریف برادران اللہ اور عوام کی عدالت سے کیسے بچیں گے ، لاڈلے نوازشریف اور شہباز شریف ایسا تاثر پیدا کر رہے ہیں جیسے یہ چار بار عوام کو دھوکا دینے کے بعد پھر آ جائیں گے اس بار قوم انہیں الیکشن میں آٹے دال کا بھاؤ یاد کروا دیں گے ۔ مہنگائی کے شہنشاہ شہبازشریف کو الیکشن میں لگ پتہ جائے گا، یہ جو بھی ہتھکنڈے استعمال کر لیں عوامی غصے سے نہیں بچ سکیں گے وہ دن دور نہیں جب عوام ان لاڈلوں کو ووٹ کی پرچی کے ذریعے باہر نکالیں گے اور یہ منہ چھپاتے پھریں گے ن لیگ ہر بار عوام کو گمراہ کر کے اقتدار حاصل کرتی ہے ، اب ان لاڈلوں کو چاہئے کہ عوام کی جان چھوڑ دیں ،نوازشریف اور شہبازشریف دونوں اپنے کیس ختم کروا کے بھی سرخرو نہیں ہو سکتے ، تحریک انصاف بلے کے نشان کے ساتھ الیکشن میں اترے گی، کامیابی بھی حاصل کرے گی ۔قبل ازیں لاہور کی مقامی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پرویز الٰہی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی ۔جیل حکام نے پرویز الٰہی کو مختلف مقدمات میں ضلع کچہری لاہور اور ایف آئی اے سپیشل سینٹرل کورٹ میں پیش کیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے آئندہ سماعت پر مقدمے کا چالان طلب کرلیا ۔ جیل حکام پرویز الہٰی کو لیکر اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں