بیرسٹر گوہر بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی بن گئے

بیرسٹر گوہر بلامقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی بن گئے

پشاور/لاہور/اسلام آباد (نمائندگان دنیا،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر علی خان بلامقابلہ پارٹی چیئرمین منتخب ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کرایا اورتحریک انصاف کے رجسٹرڈ ووٹرز نے گزشتہ روز بیرسٹر گوہر علی کو بلامقابلہ چیئرمین منتخب کر لیا،انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے پشاور میں رانڑو گڑھی پولنگ سنٹر سے نتائج کا اعلان کرتے کہا کہ تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ،بیرسٹر گوہر پارٹی چیئرمین، عمر ایوب جنرل سیکرٹری ، یاسمین راشد پنجاب کی صدر ،علی امین گنڈا پور خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر، منیر احمد بلوچ بلوچستان اور حلیم عادل شیخ سندھ کے صدر ہونگے ۔ پارٹی چیئرمین بننے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، چیف جسٹس سے درخواست ہے آپ اپنی گاڑیاں واپس نہ کریں ہمارے رہنما رہا کریں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے موروثی سیاست کودفن کردیا ، پرویزالٰہی کانام آج فائنل ہوجائے گا ۔ ادھر تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر ردعمل میں پریس کانفرنس کرتے کہا ہے کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہے ،چیلنج کروں گا جبکہ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسے کہتے ہیں دھاندلا ۔ استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، فیاض الحسن چوہان اورپیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نوٹس لے ، سربراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز پرویز خٹک نے کہا کہ یہ سب جعلی الیکشن ہے جبکہ ترجمان تحریک انصاف رؤف حسن نے سیاسی مخالفین کے بیانات پر ردعمل میں کہا کہ مریم اورنگزیب کا ن لیگ میں کردار محض شریف خاندان کی ازلی غلامی کے سوا کچھ نہیں ، اکبر ایس بابر جیسے ٹاؤٹس کو محض تحریک انصاف کو سیاسی و انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی سازش کے تحت لانچ کیا گیا۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کا موازنہ عثمان بزدار سے نہیں کرنا چاہیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں