امید ہے آنیوالی حکومت مزید معاشی بہتری لائیگی:وزیراعظم

امید ہے آنیوالی حکومت مزید معاشی بہتری لائیگی:وزیراعظم

گوادر(اے پی پی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹراٹیجک شراکت داری روز بروز مستحکم ہو رہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں مکمل ہو گئے ہیں، آخری قسط کے حوالے سے بھی سٹاف لیول بات چیت شروع ہو چکی ہے۔

پیر کو چین پاکستان دوستی ہسپتال اور سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے پلانٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ان منصوبوں کی بروقت تکمیل میں معاونت پر صوبائی حکومت کا شکرگزار ہوں،بلوچستان بالخصوص گوادر کے عوام ترقی کے اس سفر سے مستفید ہو رہے ہیں اور ترقی کا یہ سفر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہاملک کی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری آئی ہے اور امید ہے آئندہ انتخابات کے بعد بننے والی حکومت اس میں مزید بہتری لائے گی۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم نے کہا چین پاکستان دوستی ہسپتال اور سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے پلانٹ سمیت سی پیک منصوبوں سے گوادر میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا،اس کو طاقت اور دہشتگردی سے نہیں بدلا جاسکتا ، ایسا سمجھنے والے غلطی پر ہیں۔انہوں نے کہایقین دلاتا ہوں کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔دریں اثنا نگران وزیراعظم نے کہاامارات کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے استفادہ کریں۔ گلف ٹو ڈے کو انٹرویو میں وزیراعظم نے کہا دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مالیاتی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع اور امکانات موجود ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں