بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں مرکز ہوگا،شہباز شریف

بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں مرکز ہوگا،شہباز شریف

لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن ) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت ہوئی، بلوچستان میں عام انتخابات بارے سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے ۔صدر مسلم لیگ( ن) شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان ہمارا دل اور ہماری جان ہے ، بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی کا ناگزیر تقاضا سمجھتے ہیں، 16ماہ کی حکومت کے دوران سب سے زیادہ مرتبہ بلوچستان گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ دوبارہ موقع ملا تو بلوچستان سمیت پورے ملک میں دانش سکولوں کا جال پھیلائیں گے ، بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا۔ملاقات کے دوران لیگی رہنما جعفر خان مندوخیل نے ایون فیلڈ ریفرنس میں پارٹی قائد نواز شریف کی بریت پر مبارک پیش کی، پارٹی صدر شہبازشریف نے نیک تمناؤں کے اظہار پر جعفر خان مندوخیل کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کیلئے ان کے جذبے کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں