سابق وزیر اعظم کی نااہلی کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد

سابق وزیر اعظم کی نااہلی کیخلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مسترد

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی الیکشن کمیشن فیصلہ کے خلاف اپیل واپس لینے کی درخواست مستردکردی۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران چیف جسٹس عامرفاروق نے محفوظ فیصلہ سنایااور کہاگیا کہ توشہ خانہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائی کورٹ ہی سنے گی۔الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر2022ء کو سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دینے کا فیصلہ سنایاتھا اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 28اکتوبر 2022 کو مذکورہ فیصلہ کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، لاہور ہائیکورٹ میں بھی اپیل زیر التوا ہونے کی وجہ سے اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ سے واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی،سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے 18 جنوری کو اپیل واپس لینے کی درخواست دائر کی تھی اور 13 ستمبر کو فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ادھر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طلبی کے باوجود ملزموں کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیاگیا، عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں حاضری لگائی، نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور تفتیشی افسران عدالت پیش ہوئے ، اس موقع پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

عدالت نے طلبی کے باوجود غیر حاضر ملزموں مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفی نسیم، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی۔دوران سماعت عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس اور توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں13 دسمبر تک توسیع کردی جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری اور توشہ خانہ کیس میں درخوست ضمانت پر سماعت13 دسمبر تک ملتوی کردی۔الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن ٹرائل سے متعلق محفوظ فیصلہ سنا دیا جس کے تحت تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور فواد کا اڈیالہ جیل میں ٹرائل ہوگا۔توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف 11درخواستوں پر سماعت مقرر کر دی گئی ہیں ۔ بشریٰ بی بی اور وکیل لطیف کھوسہ کی آڈیو کال لیک کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیاگیا۔بشریٰ بی بی کی جانب سے دائرمتفرق درخواست میں موقف اختیار کیاگیا ہے کہ بشریٰ بی بی سابق وزیر اعظم کی اہلیہ اور سردار لطیف کھوسہ ان کے وکیل ہیں، بشریٰ بی بی اور وکیل لطیف کھوسہ کی آڈیو کا ل کو ریکارڈ کرکے پبلک کردیا گیا،بشریٰ اور وکیل لطیف کھوسہ کے درمیان آڈیو کال کو میڈیا پر توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، آڈیو کال کو پبلک کرنے کا مقصد بشریٰ کو ہراس کرنا، خاندانی زندگی پر منفی اثرات ڈالنا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں