امن واستحکام کی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو جامع حکمت عملی سے ناکام بنایا جارہا:آرمی چیف

امن واستحکام کی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو جامع حکمت عملی سے ناکام بنایا جارہا:آرمی چیف

لاہور(نیوز ڈیسک )آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے ، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔

امن واستحکام کی دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اورجامع حکمت عملی سے ناکام بنایا جا رہا ،ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ پشاور کے موقع پر کیا ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے گذشتہ روز پشاور کا دورہ کیا ، جہاں کور کمانڈر پشاور نے آمد پر ان کا استقبال کیا ۔ آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی ۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی بے مثال کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے ،کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فریضہ خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف کا پہلی نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکا کیساتھ بھی ایک سیشن ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سکیو رٹی فورسز کوخیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پُرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے ، پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے آرمی چیف نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ، انھوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے غیر قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں