ہمیں گالم گلوچ، ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر4کی سیاست نہیں آتی :بلاول

ہمیں گالم گلوچ، ٹک ٹاک اور گیٹ نمبر4کی سیاست نہیں آتی :بلاول

شانگلہ(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں ٹک ٹاک، گالم گلوچ ،گیٹ نمبر 4کی سیاست نہیں آتی میرا ملک مشکل میں ہے۔

 آئیں میرا ساتھ دیں، تمام سیاستدانوں کو دیکھ لیا،کوئی جماعت اور لیڈر ایسا نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں ، ان کے پاس مسائل کا کوئی حل نہیں ، پرانے سیاستدانوں کی سیاست انا پرستی، نفرت پر مبنی ہے ، 18 ماہ وزیر خارجہ رہا ،واحد سیاستدان ہوں جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ۔ 19سال سے سیاست کررہا ہوں میرے ہاتھ صاف ہیں، اگر عوام کو روزگار دینا جرم ہے تو میں یہ جرم بار بار کروں گا ، مزدور کی خوشحالی تک ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔ انتقام کے بجائے عوام کی فلاح کے لئے سیاست ہونی چا ہئے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ایک طرف سیاست تقسیم کا شکار ہے ، دوسری طرف معاشی حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں، پرانے سیاستدان آج بھی پرانی اور انا کی سیاست کررہے ہیں، ہمارا مقابلہ کسی سیاستدان سے نہیں، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے لیکن پیپلزپارٹی ہی ہے جس نے ماضی میں بھی آپ کو مشکلات سے نکالا۔ مجھے عوام پر بھروسہ ہے ، کہیں اور نہیں دیکھوں گا، نہ کسی سے مدد مانگوں گا صرف عوام سے مدد مانگتا ہوں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں نے تمام سیاستدانوں کو قریب سے دیکھا ہے ، ان کے پاس صرف پرانی اور انتقامی سیاست ہے ، ہمیں ایسی سیاست کو دفن کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی اور سیاسی جماعت اور سیاستدان نہیں جس کے ہاتھ صاف ہوں ۔ میں اپنی جیب بھرنے کے بجائے آپ کی جیب بھرنا چاہتا ہوں، آپ سے وعدہ کرتا ہوں 5 سال میں آپ کی تنخواہ دگنی کریں گے ۔ ملک کے معاشی حالات کی وجہ سے عوام کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے ، مہنگائی میں اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ یہاں کے لوگوں کا دل سے شکرگزار ہوں، آج بھی بینظیر بھٹو شہید کے جیالے میدان میں ہیں ۔پرانے سیاستدا ن عوام کو نہیں دیکھ رہے اورنہ ہی ان کے پاس مستقبل کاکوئی پلان ہے ، سیاسی جنت عوام کی قدموں کے نیچے ہے ۔ ہمیں اپنی نہیں، عوام کی جیبیں بھرنی ہیں۔ہم نے نئی سیاست کی داغ بیل ڈالنی ہے اور 8 فروری کو پیپلز پارٹی کی ہی جیت ہوگی۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلوا سکتی ہے ۔بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی تو یوتھ کارڈز دیں گے ۔چیئر مین پی پی نے وعدہ کیا کہ پانچ سال میں آپ کی تنخواہ دگنی کر دوں گا، روزگار کا وعدہ ہر سیاست دان کرتا ہے لیکن پیپلز پارٹی نے یہ پورا کرکے دکھایا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں