10سال بعد26دسمبرسے 20جنوری تک نہروں کی بھل صفائی:محسن نقوی کا ایک اور بڑا فیصلہ

10سال بعد26دسمبرسے 20جنوری تک نہروں کی بھل صفائی:محسن نقوی کا ایک اور بڑا فیصلہ

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایک اور بڑا فیصلہ کیا ہے ۔ 10 سال بعد پنجاب کی 1112 نہروں کی بھل صفائی کا حکم دے دیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں بھل صفائی کے پروگرام اور پانی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

 محسن نقوی نے کہا کہ بھل صفائی 26 دسمبر سے شروع ہوگی اور 20 جنوری تک جاری رہے گی۔ان کا کہنا ہے کہ تمام ڈویژنل کمشنرز کو نہروں کی بھل صفائی کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا ، بھل صفائی کے دوران کمشنرز فیلڈ میں رہیں گے اور تمام امور کی نگرانی کریں گے ، بھل صفائی کے ساتھ نہروں کی مرمت پر بھی توجہ دی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے نہری پانی کی چوری کے سدباب کے لئے موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامی افسرپانی چوری کے سدباب کے لئے اپنے متعلقہ اضلاع میں موثرایکشن لیں۔نگران وزیراعلیٰ نے تین ترقیاتی منصوبوں کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا۔شاہدرہ فلائی اوورز کی سائیڈ روڈز، راوی کے نئے پل اور بیدیاں انڈرپاس کی سائیڈ روڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔شاہدرہ فلائی اوورز کی سائیڈ روڈز کی تعمیر، ڈرین اور راؤنڈ اباؤٹ پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے شاہدرہ فلائی اوورز کی سائیڈ روڈز کی جلد تکمیل یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پراجیکٹ کی تکمیل میں مزید تاخیرنہیں ہونی چاہیے ۔پل کی تعمیر کے لئے دریائے راوی میں پائلنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا، بریفنگ میں بتایا گیا کہ راوی پل کے لئے 52 پائلز بنائی جائیں گی، دریا کی وجہ سے احتیاط سے پائلنگ کی جا رہی ہے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بیدیاں انڈر پاس پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا، سائیڈ روڈز کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا، بیدیاں انڈر پاس پراجیکٹ کے معیار کو سراہا اور ایل ڈی اے ٹیم کو شاباش دی۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈپراجیکٹ کے دونوں پیکجز کا 2گھنٹے تک دورہ کیا۔سگیاں سے نیازی چوک اور بابو صابو سے سگیاں تک 3.7 کلومیٹر روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

دونوں پیکجز پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔پیکیج ون کی سائیڈ والز کی تعمیر اور کنکریٹ ڈالنے کے کام کا مشاہدہ کیا۔سائیڈ والز پر پتھر کے چوکھٹے رکھنے کے عمل کا جائزہ لیا۔پیکیج ون پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ پیکیج 2 پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی او راس ضمن میں کنٹریکٹر کو منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے بھی ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف سٹرکوں پر تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے ۔محسن نقوی نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کے د ورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ بہت بڑا پراجیکٹ ہے ، ایک پیکیج پر 40فیصد جبکہ دوسرے پیکیج پر 24فیصد کام ہو چکا ہے ۔بند روڈ پراجیکٹ وقت پر مکمل کرلیاجائے گا،پیشرفت سے آگاہ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ امامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سے وزیراعظم سے بات چیت ہوئی ہے ۔امید ہے وزیراعظم نوٹس لے کرامامیہ کالونی فلائی اوور پراجیکٹ جلد مکمل کرائیں گے ۔ وزیراعظم سے یوریا کھاد کی قلت کو پوراکرنے کے لئے بھی بات کی گئی ہے ۔ و زیراعظم نے وفاقی وزراء کو کھاد کے حوالے سے فوری طور پر ہدایات جاری کردی ہیں۔انہوں نے کہاکہ 20دسمبر سے ہماری بندرگاہ پر 2لاکھ ٹن اضافی یوریا کھاد پہنچ جائے گی جس سے کمی ختم ہوگی۔ ہماری کوشش ہے کہ یوریا کھاد کی کمی کو جلد پورا کیاجائے ۔صوبہ میں جہاں یوریا کھاد کی کمی ہوگی پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ واپسی کا سفر شروع کررہے ہیں، مدت مکمل ہونے پر گھر روانہ ہوجائیں گے ۔ امید ہے جو بھی اگلا وزیراعلیٰ ہو گا،انشا ء اللہ بہتر کام کرے گا۔فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کے لئے پراجیکٹ شروع کردیاگیا ہے ۔حکومت پنجاب 50سے 60ڈالر خرچ کرکے فری لانسرز کی انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کروائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں