16دسمبر سے قبل الیکشن شیڈول آجا ئیگا :مرتضیٰ سولنگی

 16دسمبر سے قبل الیکشن شیڈول آجا ئیگا :مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(این این آئی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن جمعرات 8فروری 2024کو ہوں گے ،16دسمبر سے پہلے انتخابی شیڈول آجائے گا،بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن ہونے کی تصدیق کررہی ہے ، جمہوریت کا مستحکم نہ ہونا ہماری ناکامی ہے۔

غیرقانونی تارکین وطن پاکستان میں نہیں رہ سکتے ،بانی پی ٹی آئی فغان طالبان حکومت اور ٹی ٹی پی کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ٹی وی پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا ، ہماری جمہوری تاریخ میں بہت سی حکومتیں مدت پوری نہیں کرسکیں، جمہوریت کا مستحکم نہ ہونا ہماری ناکامی ہے ،ایک دوسرے کے خلاف گولہ باری کرنے والی جماعتیں ایک ساتھ ہوں گی تو حیرت نہیں ہوگی۔نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں وہ درحقیقت پاکستان کے عدالتی نظام پر سوال اٹھا رہے ہیں، وہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو عدالتیں ہیں وہاں فکس میچ ہو رہا ہے اور یہ سارا ڈرامہ ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ زیادتی ہے ، انہی عدالتوں نے سب کو انصاف دیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی جیل میں سہولتوں کے حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ملک کے سابق وزیراعظم ہیں اور ان کے پیچھے لاکھوں لوگ ہیں تو جیل مینوئل کے حساب سے آپ کو کچھ سہولتیں زیادہ ملتی ہیں، ایک ترجیحی سلوک ملتا ہے ، یہ آپ کے قانون میں ہے مجبوری ہے ، یہ قانون ابھی تک ختم نہیں ہوا، جب تک اس اے کلاس ، بی کلاس قانون کو ختم نہیں کرتے تب تک تو یہ رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ پی ٹی وی یا ریڈیو پاکستان کی نجکاری ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں