داتا دربار سے 500 لڑکیوں کی کچے کے علاقے میں فروخت کا انکشاف: تمام بچیوں کو بازیاب کرائیں: لاہور ہائیکورٹ
لاہور(محمد اشفاق سے)لاہور داتا دربار سے 500لڑکیوں کو کچے کے علاقہ میں 2,2لاکھ روپے میں فروخت کرنے کا انکشاف، لاہور سے سندھ تک فروخت ہونے والی لڑکی کی بازیابی کے دوران سندھ سے گینگ کی سرغنہ سمیت 8افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
جسٹس فاروق حیدر نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیدیا۔ شیخوپورہ کے علاقہ تھانہ فیکٹری ایریا کی حدود سے 14سالہ لڑکی(ع) کے اغوا کا مقدمہ 2جون2023کو درج ہوا تو پولیس نے تفتیش شروع کردی لڑکی کی عدم بازیابی پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تو جسٹس فاروق حیدر نے لڑکی کو بازیاب کروانے کیلئے احکامات جاری کیے اس دوران غفلت برتنے پر فیکٹری ایریا شیخوپورہ کے تھانے کا ایس ایچ او بھی معطل ہوا، جسٹس فاروق حیدر نے ڈی پی او زاہد مروت کو خود اس کیس کی نگرانی کرنے کا حکم دیا جس کے بعد سندھ سے لطیفاں بی بی کی کال لڑکی کی والدہ کو آئی اور کہا کہ 25لاکھ دو تو اپنے بچی کو سندھ سے لے جاؤ جس کے بعد پولیس نے نمبر ٹریس کیے اور تفتیش میں پتا چلا کہ لطیفاں بی بی کا داتا دربار میں موجود ایک گینگ سے مسلسل رابطہ تھا پولیس نے نمبر ٹریس کرنے کے بعد ملزم الطاف ندیم ، سرور، انیلا ، ارم اور نسرین کو گرفتار کرلیا جب ان تمام ملزموں سے تفتیش کی گئی تو بہت سارے حقائق کھل کر سامنے آگئے انہوں نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی کی فیس بک پر لاہور کے ایک لڑکے سے دوستی ہوئی تو وہ اس سے ملنے کیلئے لاہور آئی تو لڑکے نے مبینہ طور پر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا یا اور فرار ہوگیا ،لڑکی نے رات گزارنے کیلئے داتا دربار پناہ لی تو وہاں سے نشہ اور ادویات کھلا کر اسے سندھ میں لطیفاں بی بی کے ہاتھوں 2لاکھ روپے میں فروخت کردیا گیا جس کے بعد اسے گھوٹکی، سکھر ،لاڑکانہ،کچے کے علاقہ میں فروخت کیا گیا ،کچے کے علاقہ میں 3لاکھ روپے میں فروخت کیا ،
شیخوپورہ پولیس نے گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر سندھ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور جیکب آباد سے لڑکی کو بازیاب کرواکر لطیفاں بی بی اور شریک ملزم محمد خان کو گرفتار کر لیا ، دونوں ملزموں کو گرفتار کرکے لاہور منتقل کیا ،ڈی پی او زاہد مروت کے مطابق تفتیش کے دوران لطیفاں بی بی نے انکشاف کیا کہ داتا دربار سے اب تک 500لڑکیوں کا سودا کرکے مختلف گینگ کو فروخت کر چکے ہیں اس حوالے سے بازیاب لڑکی کو جسٹس فاروق حیدر کی عدالت میں پیش کرکے ڈی پی او رانا زاہد نے تمام حقائق بتائے جس پر جسٹس فاروق حیدر نے ڈی پی او شیخوپورہ کے اقدامات کی تعریف کی اور حکم دیا کہ اس معاملہ کو یونہی نہیں چھوڑنا اصل ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے تمام فورسز لگائیں اور پوری کوشش کریں کہ تمام بچیوں کو بازیاب کروایا جایا عدالت نے درخواست نمٹا دی۔