قائداعظم کا147واں یوم ولادت آج،ملک بھرمیں عام تعطیل
اسلام آباد(اے پی پی)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا147 واں یوم پیدائش آج پیر (25 دسمبر) کو ملی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
ملک بھر اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں یوم قائد کی مناسبت سے تقریبات ہوں گی، دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، کراچی میں قائد اعظم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوگی۔ یوم قائد کے موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم کے عزم اور غیر متزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو اپنے مقصد کے حصول کیلئے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔ آئیے آج کے دن قومی اتحاد، ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔ہمیں انتہا پسند قوتوں کو شکست دینے ، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک عظیم لیڈر اور ذہانت و فراصت کے عظیم پیکر تھے ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کے روح کے مطابق ملک کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے ۔