قید بامشقت پر عملدرآمد جیل سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داری
لاہور (محمد اشفاق سے )بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تحریری فیصلہ آنے کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ سزا پر عمل درآمد کرے گا۔جیل رولز 1978کے رولز 508کے تحت اگر کسی شخص کو عدالت سے قید با مشقت کی سزا ہو تو وہ قیدی اپنی مرضی کے کپڑے نہیں پہن سکتا ،اس کو جیل رولز کے تحت قیدیوں کا لباس پہننا ہوگا۔
رول513کے تحت قیدی کو اگر دوسری عدالت یا پھر کسی اور جیل میں منتقل کرنا ہوگا تو پھر وہ اپنی مرضی کے کپڑے پہن سکتا ہے ۔رول 810کے تحت جیل سپرنٹنڈنٹ فیصلہ کرے گا کہ قید بامشقت والے قیدی سے کون سا کام کروایا جائے گا عام طور پر بامشقت سزا والے قیدیوں سے کچن میں صفائی ، کھانا پکانے میں مدد کرنا ، گھاس کی کٹائی ، مالی کا کام ، سمیت دیگر کاموں میں سے کوئی بھی کام لیا جاسکتا ہے ۔ رول812کے تحت جیل سپرنٹنڈنٹ قیدی سے روزانہ 9گھنٹے تک کام لے سکتا ہے ۔رول 225 کے تحت قیدیوں کی 3درجہ بندیاں کی گئی ہیں جن میں سپیرئیر کلاس ، سیاسی قیدی اور عام قیدی شامل ہیں سیاسی قیدی کی تعریف یہ کی گئی ہے جس نے کوئی سیاسی جرم کیا ہو، سپیرئیر کلاس میں اے اور بی کلاس کے قیدی شامل ہوتے ہیں۔قیدیوں کی اے ،بی اور سی کلاس کی درجہ بندی کا اختیار اور وضاحت رول242میں کی گئی ہے ، اے کلاس کے قیدیوں میں وہ قیدی شامل ہیں جو اچھے کردار کے حامل ، اورمعاشرے میں عزت و احترام زیادہ اور تعلیم یافتہ ہوں گے اور کسی لالچ ، شدت اور سنگین جرم میں سزا یافتہ نہیں ہوں گے ۔