جیکب آباد:محمد میاں سومرو کے قافلے پر فائرنگ،محفوظ رہے
جیکب آباد (نمائندہ دنیا )جیکب آباد میں سابق نگران وزیر اعظم اور حلقہ این اے 190 کے آزاد امیدوار محمد میاں سومرو کے قافلے پر فائرنگ ہوئی ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب مولاداد تھانہ کی حدود قادر پور کے نزدیک سابق نگران وزیر اعظم اور جیکب آباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190 کے آزاد امیدوار محمد میاں سومرو کے قافلے پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جب کہ ان کے سیکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے ۔ ایس ایس پی جیکب آباد کے مطابق محمد میاں سومرو قافلے میں موجود نہیں تھے جب کہ محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ گڑھی خیرو میں الیکشن ورک کے بعد جیکب آباد آرہے تھے کہ ہمارے قافلے پر فائرنگ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہے ، اس لیے الیکشن کے دوران پولیس ، رینجرزاور فوج کو تعینات کیا جائے اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے ۔ محمد میاں سومرو کے قافلے میں صوبائی حلقہ پی ایس 1 جیکب آباد کے آزاد امیدوار سردار عبدالرزاق کھوسو بھی شامل تھے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments