حکومت سازی :پی ٹی آئی کی مرکز ، صوبوں میں کمیٹیاں قائم

 حکومت سازی :پی ٹی آئی کی مرکز ، صوبوں میں کمیٹیاں قائم

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف نے مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کی حکمت عملی کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم کر دیں، کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں اہم عہدوں کیلئے نامزدگیوں کا عمل جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔

تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق 8 فروری کو عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے سیاسی و جمہوری پختگی کا سکہ منوایا ہے ، عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کی جماعت کو واضح اکثریت سے نوازا، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر پاکستان کو مجرموں کے حوالے کرنے کی کوششوں کی مزاحمت کریں گے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا مسترد شدہ گروہوں کے مابین اقتدار کی بندر بانٹ عوام کی رائے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے مترادف ہے ، عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں کا پارلیمان کے اندر اور باہر ہر جگہ پر تعاقب کریں گے ، عوام کے مینڈیٹ کی توہین پر پوری دنیا سے آوازیں بلند ہورہی ہیں۔کورکمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق انتخابات کی عدم شفافیت پر جماعت اسلامی سمیت قومی سطح کی جماعتیں سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہیں، عوامی مینڈیٹ کو پامال کرنے جیسا سنگین جرم کرنے والے آر اوز قوم کے مجرم ہیں، ان کا کڑا محاسبہ عوام کریں گے ۔تحریک انصاف کے ترجمان رئوف حسن نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور کمیشن اراکین عوام کے مینڈیٹ سے شرمناک کھلواڑ بند کریں اور فوراً مستعفی ہو جائیں ۔ جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی پریس کانفرنس کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن عوام کے شفاف مینڈیٹ میں غلاظتیں گھول کر دستور، جمہوریت اور قومی مفاد کیخلاف سنگین غداری کا ارتکاب کررہا ہے ، ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ اس چیف الیکشن کمشنر نے اسی طرح عوامی مینڈیٹ کی حرمت پامال کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کی مخالفت کی۔رئوف حسن نے کہاہے کہ انتخابی عمل مکمل ہونے کے 4 روز بعد بھی نتائج میں غیرقانونی ردوبدل کی مکروہ کوششیں پاکستان کو عدمِ استحکام کی دلدل میں دھکیلنے اور معیشت کو موت کے گھاٹ اتارنے کا منصوبہ ہے ، عدالتِ عظمیٰ مداخلت کرے اور عوامی مینڈیٹ کو بلڈوز کرکے عوام کے مسترد شدہ اقلیّتی گروہ کو ملک پر مسلّط کرنے کے مذموم منصوبے کی راہ روکے ۔ پورے انتخابی عمل کی ساکھ اور حیثیت خاک میں ملائی جارہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں