الیکشن نتائج کیخلاف سندھ، پختونخوا، بلوچستان میں مظاہرے

 الیکشن نتائج کیخلاف سندھ، پختونخوا، بلوچستان میں مظاہرے

لاہور(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن نتائج کیخلاف سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مظاہرے، سڑکیں بندکر دی گئیں۔تحریک انصاف کے ورکروں نے بنوں میں پی کے 101 اور پی کے 102 کے نتائج میں مبینہ ہیر پھیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے بنوں ڈی آئی خان روڈ کو ٹائر جلا کر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا، روڈ بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ منتخب ایم این اے مولانا نسیم علی شاہ نے کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کے امیدواروں کو انصاف نہیں مل جاتا احتجاج جاری رہے گا۔پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے موٹروے پر بھی احتجاج دھرنا دیا،جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، روڈ کھولنے کی درخواست پر کارکنان اور مسافروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ روڈ کھولنے پر کارکنان بھی آپس میں لڑ پڑے ، جمعیت علما اسلام اور بابائے چاغی پینل کے دھرنے کے باعث پاک ایران آر سی ڈی بین الاقوامی شاہراہِ چوتھے روز بھی بند رہی ،چاغی دالبندین سمیت پوری ڈسٹرکٹ میں شٹرڈائون ہڑتال ہے ،پی بی 32 چاغی کی سیٹ پر سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کو کامیاب قراردیا گیا تھا، ان کے مقابلے میں جے یو آئی کے امیدوارسخی امان اللہ نوتیزئی دوسرے نمبر پر رہے ،اس کامیابی کے خلاف جمعیت کے امیدوار امان اللہ نوتیزئی کے حامیوں نے ہزاروں کی تعداد میں آر او آفس کے سامنے دھرنا دیا ،پاک ایران شاہراہ چوتھے روز بھی مختلف مقامات سے بند ہے جبکہ سی پیک روڈ کوبھی یک مچ کے مقام پر بند کیا گیا ہے جس سے سینکڑوں چھوٹی بڑی ہیوی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) نے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے ۔ سکھر میں جے یو آئی اور جی ڈی اے نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ گھوٹکی میں بھی جے یو آئی کارکنان نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج کیا ۔کندھ کوٹ اور نوشہروفیروز میں جے یو آئی کارکنان نے الیکشن میں دھاندلی نامنظور کے نعرے لگائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں