تھپڑ پر معذرت ، پتہ نہیں تھا یہ صاحب کون ہیں :فردوس

تھپڑ پر معذرت ، پتہ نہیں تھا یہ صاحب کون ہیں :فردوس

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،مانیٹرنگ ڈیسک)استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان انتخابات کے دوران ڈیوٹی پرموجود پولیس افسر کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں پیش ہوگئیں۔۔۔

 انہوں نے دوران سماعت کہا تھپڑ مارنے پر معذرت خواہ ہوں، پتہ نہیں تھا یہ صاحب کون ہے ؟،الیکشن کمیشن میں فردوس عاشق اعوان کے خلاف پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ فردوس عاشق نے بتایا کہ پاکستانی کی حیثیت سے امیدوار کا حق ہے اپنا پولنگ اسٹیشن وزٹ کرے ، ہمارے سپورٹر اورووٹرز پولنگ سٹیشن کے باہر کھڑے تھے ، ایک شخص لوگوں کو آواز دے کر اندر بلا رہا تھا، ہمیں نہیں پتا تھا یہ صاحب کون ہیں، وہ سول کپڑوں میں تھا، پولیس والوں کو کہا آپ کیا کر رہے ہیں،کیا قانون ان کو حق دیتا ہے کہ یہ سہولت سازی کریں؟،ممبرکمیشن پنجاب نے استفسار کیا کہ آپ کو قانون حق دیتا ہے کہ آپ تھپڑ ماریں؟، فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ نہیں قانون حق نہیں دیتا میں نے اس پر معذرت کی ہے ،الیکشن کمیشن نے فردوس عاشق کو 15 فروری کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں فردوس عاشق نے کہا کہ میں بلاوے پر الیکشن کمیشن آئی ہوں ، الیکشن کمیشن کو ہمیں بھی سننا ہے ، قانون کا تحفظ کرنے کے بجائے کیوں کسی جماعت کے سہولت کار بنے ہوئے تھے ،انہوں نے مزید کہاغیر قانونی کام کرنے والوں کا علاج کس نے کرنا ہے ؟، غیر قانونی کام کرنے والوں کا علاج قانون نہیں کرے گا تو عوام نے ہی کرنا ہے ،مزیدبرآں فردوس عاشق اعوان نے حفاظتی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیاہے ،دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ سیشن کورٹ سیالکوٹ سے رجوع کر سکوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں