مردان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک: میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام

مردان: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشتگرد ہلاک: میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام

اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی، لاہور(دنیا نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)مردان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری طرف میانوالی میں پولیس نے خیبر پختونخوا سرحد کے قریب قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا،ادھر اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن کے قریب سے دستی بم برآمد ہوگیا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مردان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے مردان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا،ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا، ملزمان علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے ۔آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشتگرد کو ختم کرنے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کا اظہار کیا ۔ ادھر پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی میں 12 سے 13 دہشتگردوں نے رات کوپولیس کی پختونخوا سرحد کے قریب واقع پولیس کی قبول خیل چیک پوسٹ پر تین اطراف سے حملہ کرتے ہوئے جدید اسلحہ سے فائرنگ کی، حملہ کی ویڈیو جاری کر دی گئی جس میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشتگرد رات کی تاریکی میں چیک پوسٹ کی طرف آئے ،پہلے راکٹ فائر کئے اورجدید اسلحہ سے شدید فائرنگ کے ساتھ ساتھ ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے ۔ پولیس حکام نے بتایا کہ بھر پور جوابی کارروائی پر تمام دہشتگرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے ۔ ترجمان آر پی او آفس کے مطابق پولیس نے بہترین حکمت عملی اور جدید سہولیات سے حملہ ناکام بنایا، ڈی پی او میانوالی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ تمام چیک پوسٹوں پر جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے ، پنجاب پولیس تمام بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر ہائی الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دے رہی ہے ۔ دریں اثنا نگران وزیراعلٰی پنجاب نے حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ دوسری طرف اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن کے قریب سے دستی بم برآمد ہونے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بم ڈسپوزل کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق ہینڈ گرنیڈ پرانی ساخت کا تھا ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں