ہمارا کام مکمل،شہباز شریف سے مقابلہ نہیں وہ ہم سے بہت آگے:محسن نقوی

ہمارا کام مکمل،شہباز شریف سے مقابلہ نہیں وہ ہم سے بہت آگے:محسن نقوی

لاہور( سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلی ٰپنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ غلط لوگوں کی وجہ سے مافیا ز کو تقویت ملتی ہے ،ہمارا کام مکمل ہوگیا، شہباز شریف میرے لئے محترم ہیں،ان کا تجربہ اور کام مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔

شہبازشریف عمر اور کام کے معاملے میں ہم سے بہت آگے ہیں،ہمارا مقابلہ نہیں ، سب کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،کرکٹ پہلے ہی برباد ہوچکی ہے خدا را! اس میں سیاست نہ لائیں،کرکٹ کو سیاست سے نقصان پہنچتا ہے اور اس سے ملک کو نقصان ہوتا ہے لہذا سپورٹس میں سیاست نہیں چلے گی اور کرکٹ میں بہتری ہوتی نظر آئے گی۔ یہ بات انہوں نے میوچلڈرن ہسپتال کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔وزیر اعلی ٰ نے میوچلڈرن ہسپتال میں گردوں کے عارضے میں مبتلا بچوں معصومہ فاطمہ اور ابراہیم سے اپ گریڈڈ میو چلڈرن ہسپتال کا افتتاح کرایا،محسن نقوی نے سٹیٹ آف دی آرٹ میو چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا ،محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میوچلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے ، مجموعی طور پر 360بیڈزہیں،میوچلڈرن ہسپتال بھی میو ہسپتال کے اپ گریڈیشن پلان کاحصہ ہے جس پر مجموعی طورپر 10ارب روپے لاگت آرہی ہے ۔ میو ہسپتال میں مجموعی طور پر 2484بیڈز اور 1763 ڈاکٹرز موجود ہیں۔ادھر وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ کالج لاہورکا دورہ کیا اور پولیس ٹریننگ کالج کے سپورٹس جمنیزیم کا افتتاح کیا،سوئمنگ پول،جم،لانگ ٹینس کورٹ اوربیڈمنٹن کورٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ بیڈ منٹن کھیلی۔محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت بچیوں نے ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد فیلڈ میں جانا ہے ۔ پولیس ٹریننگ کالج کی عمارت چند ماہ میں مکمل طورپر نئی کر دی گئی ہے ، وزیراعلی نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاون کی نئی عمارت اور ماڈل تھانہ اچھرہ کا افتتاح کیا۔ آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاون کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے خرم بلاک کا جائزہ لیا، ماڈل تھانہ اچھرہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورفرنٹ ڈیسک کا جائزہ لیا۔ویٹنگ روم،ایس ایچ او اور میٹنگ روم کا معائنہ کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں