سندھ ہائیکورٹ:سوشل میڈیا سے فحش مواد فوری ہٹانے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ:سوشل میڈیا سے فحش مواد فوری ہٹانے کا حکم

کراچی(خبر ایجنسیاں )سندھ ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا سے فحش مواد کو فوری ہٹانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس عقیل عباسی نے سوشل میڈیا پر فحش مواد کے خلاف درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل درخواست گزار نے اپنے دلائل میں کہا کہ فیملی وی لاگنگ کے نام پر فحاشی کو فروغ دیا جارہا ہے ۔

 پی ٹی اے کے وکیل نے بتایا کہ فیس بک، یوٹیوب یا کسی ویب سائٹ پر مواد ہٹانے کا اختیار پی ٹی اے کو نہیں ہے ، قابل اعتراض مواد ہٹانے کے لیے متعلقہ حکام کو لکھنا پڑتا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ بھی کریں تمام ویب سائٹس سے قابل اعتراض مواد ہٹا دیں۔اس دوران پی ٹی اے کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی اس پر عدالت نے کہا کہ فیس بک، ٹک ٹاک اور دیگر ایپس سے فحش مواد ہٹایا جائے ،عدالت نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کے خلاف فوری ایکشن لینے اور تمام ثبوت کا پورا چارٹ بنا کر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں