سول کورٹس کی تقسیم، آج سے ہائیکورٹ میں ہڑتال:وکلا کنونشن

سول کورٹس کی تقسیم، آج سے ہائیکورٹ میں ہڑتال:وکلا کنونشن

لاہور (کورٹ رپورٹر )سول کورٹس کی تقسیم کے نوٹیفکیشن کے خلاف لاہور بار ایسوسی ایشن اور پنجاب بار کونسل کی کال پر آل پاکستان وکلاکنونشن منعقد ہوا وکلا نے نوٹیفکیشن کی واپسی تک عدالتوں کا بائیکاٹ اور آج سے ہائیکورٹ میں بھی ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

کنونشن میں صوبہ بھر کی بار ایسوسی ایشن کے نمائندگان ، ممبران پاکستان بار کونسل شفقت چوہان ، اشتیاق اے خاں، سیکرٹری صباحت رضوی ، حامد خان ، احسن بھون ، وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل ، چیئر مین ایگزیکٹو کمیٹی عمران اکرم بودلہ ، سپریم کورٹ بار کے نائب صدر عمر حیات سندھو ،کراچی بار کے عامر وڑائچ ، نور سمند ، رمضان چودھری ، عاصم چیمہ ، ہارون دوگل ، چودھری اصغر گِل، عامر سعید راں ، لاہور بار کے صدر منیر حسین بھٹی ، سیکرٹری رانا نعیم طاہر ، راؤ تحسین شریف ، نائب صدر نثار اکبر بھٹی ودیگرعہدیداروں سمیت وکلاکی کثیر تعداد نے شرکت کی ، سابق صدر سپریم کورٹ بار حامد خان نے کہا وکلااپنے حقوق کے لئے میدان میں ہیں۔ آئین کی سربلندی کے لئے وکلااپنا کردار اداکرتے رہیں گے ۔ آمرانہ ذہنیت سے فیصلے کرنے سے ادارے اور ملک آگے نہیں بڑھ سکتے ۔آئین کو توڑ کرآگے بڑھنے کی بجائے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے ، صدر لاہور ہائیکورٹ بار اشتیاق اے خان نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ فرد واحد نہیں کرسکتا۔عدالتوں کی تقسیم کا فیصلہ کرنے کااختیار ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کرتی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں