مریم سے افسروں کی ملاقاتیں،اسمبلی اجلاس پر بریفنگ

مریم سے افسروں کی ملاقاتیں،اسمبلی اجلاس پر بریفنگ

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی چیف آرگنائزر و نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر انتظامی افسروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مریم نواز کی زیر صدارت  منعقدہ بیوروکریسی کے اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق نامزد وزیراعلیٰ کو پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی،مریم نواز نے اسمبلی اجلاس کے دوران سکیورٹی انتظامات بہتر کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق جاتی امرا رائیونڈ میں نامزد وزیر اعلیٰ سے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان ،انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے گزشتہ روز بھی صوبے کے انتظامی امور ،امن و امان اور محکمانہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز سے سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری زراعت اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بھی ملاقات کی اوراپنے اپنے محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ مریم نواز نے صوبائی سیکرٹریز کو عوامی و فلاحی منصوبوں پر جاری کام کو بر ق رفتاری سے آگے بڑھانے کی ہدایت کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو سپیکر،ڈپٹی سپیکر اوروزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب بارے بھی بریف کیا گیا، نامزد وزیراعلیٰ نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی سیکرٹری کی معاونت اور اجلاس کی کارروائی پارلیمانی رولز کے مطابق کرنے کی ہدایت کردی۔مریم نواز نے کہا کہ کوئی جلدی نہیں پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمانی رولز کے مطابق سپیکر،ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے ۔دریں اثنا مسلم لیگ (ن)کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج (جمعہ)کے روز پنجاب اسمبلی میں طلب کر لیا جس میں تمام نومنتخب ارکان کو بروقت اسمبلی پہنچنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد تمام نو منتخب ارکان حلف اٹھانے کے لئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں