پنجاب اسمبلی:ارکان نے حلف اٹھالیا:ن لیگ کے201،سنی اتحاد کونسل کے98ارکان موجود ،پہلے ہی اجلاس میں شور شرابا،اسمبلی کے اندراور باہر احتجاج،خدا کرے خدمت کا نیادور شروع ہو:مریم نواز

پنجاب اسمبلی:ارکان نے حلف اٹھالیا:ن لیگ کے201،سنی اتحاد کونسل کے98ارکان موجود ،پہلے ہی اجلاس میں شور شرابا،اسمبلی کے اندراور باہر احتجاج،خدا کرے خدمت کا نیادور شروع ہو:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھالیا ،ن لیگ کے 201 ، سنی اتحاد کونسل کے 98 ارکان موجود تھے ، پہلے ہی اجلاس میں ارکان کے درمیان تلخی اور شورشرابا ہوا۔

 اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کیا گیا،مسلم لیگ ن کی نامزد وزیراعلیٰ نے کہا خدا کر ے خدمت کا نیا دور شروع ہو، پنجاب کے نئے منتخب ایوان کا پہلا اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان کیصدارت میں 2گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ،مسلم لیگ (ن) کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف حلف اٹھانے کے لیے اسمبلی ہال پہنچیں تو اراکین نے شیر شیر کے نعرے لگائے ، میڈیا کے سوالوں کے جواب میں مریم نواز نے کہا خدا کرے پنجاب میں خدمت کا ایک نیا دور شروع ہو۔اجلاس کے آغاز پر ہی سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے مخصوص نشستوں کا معاملہ اٹھا دیا،رانا آفتاب احمدخان نے کہا سب جماعتوں کی مخصوص نشستوں کا اعلان ہوچکا ہمارا اعلان ہونا باقی ہے ، اس لیے حلف روکا جائے ، ایوان میں پہلے دونوں جانب سے تکرار ہوئی پھرنعرے بازی شروع ہوگئی، لیگی ارکان نواز شریف کی تصاویر والے پلے کارڈز لیکر ایوان میں نعرے بازی کرتے رہے ، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے مینڈیٹ چور کے نعرے لگائے تو لیگی ارکان گھڑی چور کے نعرے لگاتے رہے ، سپیکر کو 45 منٹ کیلئے اجلاس ملتوی کرنا پڑ گیا،دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو سپیکر نے ارکان سے حلف لے لیا۔

پنجاب اسمبلی میں 321 کے ارکان نے حلف اٹھایا ، 17 ارکان غیر حاضر رہے ، خواتین اور اقلیتوں کی 27مخصوص نشستوں کا ابھی نوٹیفکیشن نہیں ہوا ، ایک نشست پر الیکشن نہیں ہوا ، دوہری جیت کی بنیاد پر پانچ نشستیں خالی ہوئی ہیں،مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے پہلی بار رکن اسمبلی کا حلف اٹھایا،گولڈن بک پر دستخط بھی کردئیے ،سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار برائے وزیر اعلیٰ میاں اسلم اقبال اجلاس میں نہ پہنچ سکے ، سپیکر نے غیر حاضر ارکان کا انتظار کیااور نہ آنے پر باقی ممبران سے حلف لے لیا، نو مئی کے واقعہ میں ملوث ارکان کی ممکنہ گرفتاری کیلئے اسمبلی کے باہر پریزن وینز اور واٹر کینن بھی موجود رہی،پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔ آج سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہوگا جوکہ خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔ن لیگ کی جانب سے سپیکر کیلئے ملک احمد خان ، ڈپٹی سپیکر کیلئے ملک ظہیر اقبال چنہڑ،سنی اتحاد کونسل نے سپیکر کیلئے ملک احمد خان بھچر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے معین ریاض قریشی کو نامزد کردیا،تمام امیدواروں نے سیکرٹری اسمبلی عامر حبیب کو کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے جو سکروٹنی کے بعد درست قراردے دیئے گئے ۔سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے بتایاکہ پولنگ کے لیے دو پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے ، کوئی بھی امیدوار رائے شماری سے قبل تحریری طور پر کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے ، سپیکر کے لیے ایک امیدوار ہونے کی صورت میں پولنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، سپیکر منتخب ہونے کے بعد عہدہ سنبھالیں گے اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کرائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں