آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا:بانی پی ٹی آئی:ملک کیخلاف کچھ نہیں کرینگے:بیرسٹر گوہر

آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا:بانی پی ٹی آئی:ملک کیخلاف کچھ نہیں کرینگے:بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (اپنے نامہ نگارسے )بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے ، خط چلا گیا ہوگا، اس لئے لکھا ہے اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی ۔

اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا جب تک سرمایہ کاری نہ آئی قرض بڑھتا جائے گا، سب سے پہلے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے ، پہلے نواز شریف کی سلیکشن کے لئے اداروں کو تباہ کیا گیا ، عدالتیں ، نیب سب کچھ تباہ کیا تاکہ نواز شریف کو سلیکٹ کر سکیں ، نواز شریف کے لئے مجھے زیرو کیا گیا، پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی ، اب کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آئے ، کمشنر کو اٹھا کر تشدد کیا گیا، ویگو ڈالا اٹھا کر لے گیا ، اب سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کردیا ہے ۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ ہم نے عدالت کو اوپن ٹرائل کی حقیقت کا بتایا ہے ، عدالت کے سامنے اس بات کا بھی بتایا گیا کہ میڈیا کو بھی آنے نہیں دیا گیا ، نگران حکومت صاف شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہی ، الیکشن کمیشن فارم 45 کے تحت نتائج جاری کرنے میں ناکام رہا ،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ اور ان کی فیملی کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ سابق کمشنر کا جو بیان جاری ہوا اب حقیقت عوام جان چکی ہے ، جو فارم 47 جاری ہوئے وہ جعلی ہیں ، ہم پارلیمان کا حصہ بنیں گے ، ہم میدان چھوڑ کر نہیں جائیں گے ، ہم ہر حال میں پاکستان میں قانون کی بالادستی اور رول آف لاء چاہتے ہیں ، ملک کے خلاف ہم کچھ بھی نہیں کریں گے ، ریاست ، جمہوریت اور قانون کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا ، پی ٹی آئی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی جس سے ریاست کو نقصان پہنچے ، تحریک انصاف کا کوئی بھی قدم نہ پاکستان کے خلاف اور نہ عوام کے خلاف ہو گا ، ہم جمہوریت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں