نوجوان خود کو انتشار ،تقسیم ،گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رکھیں:نواز شریف

نوجوان خود کو انتشار ،تقسیم ،گالی گلوچ اور بد تہذیبی سے دور رکھیں:نواز شریف

لاہور (اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ طلبہ ملک کا مستقبل اور قوم کا سرمایہ ہیں، ناکامی کا خوف رکھنے والا شخص کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، نوجوانوں نے خود کو انتشار ،تقسیم ،گالی گلوچ اور بد تہذ یبی سے دور رکھنا ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز شریف میڈیکل ٹرسٹ کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے نامزد وزیر اعظم شہباز شریف، نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمن ، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب اور ادارے کے منتظمین سمیت اساتذہ ، طلبا و طالبات اور ان کے والدین بھی موجود تھے جبکہ مختلف شعبوں میں گریجوایشن کرنے والے طلبا و طالبات کو میڈلز اور سرٹیفکیٹس دئیے گئے ۔ نواز شریف نے کہا کہ آج مجھے اس پر وقار تقریب میں شریک ہو کر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے ،آپ کی برسوں کی والہانہ محنت نے آج آپ کو کامیابی کا دن دکھایا جس پر میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،والدین نے اپنی ضروریات اور خواہشات کو پس پشت ڈال کر آپ کی تعلیم مکمل کرائی ،شریف میڈیکل کالج میں سفارش کلچر نہیں بلکہ میرٹ کلچر کو پروان چڑھایا گیا ۔ ن لیگ کے قائد نے کہا کہ میں چاہتا ہوں میری تقریر سے طلبہ ایک سوچ اور فکر لے کر جائیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں والہانہ لگن کے بغیر کامیابی کا کوئی تصور ممکن نہیں ۔

آپ کی راہ میں جتنی بھی مشکلات آئیں ان سے گھبرانا نہیں ہے کیونکہ ستارے اندھیرے میں زیادہ چمکتے ہیں ، ہمارا سب سے بڑا قومی سرمایہ آپ نوجوان ہیں ،میڈلز اور اور ڈگریاں حاصل کرنے والے بچے اور بچیاں ہی پاکستان کو اپنی منزل تک پہنچائیں گے ،آپ نے اتحاد ، اصلاح ،فلاح اور معاشرے میں بہتری کے لئے دل لگا کر محنت کرنی ہے اور خود کو انتشار ،تقسیم ،گالی گلوچ اور بد تہذ یبی سے دور رکھنا ہے جبکہ نامزد وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب میں طلبہ پر زور دیا ہے کہ آپ کا پیشہ مسیحائی ہے ،آپ دکھی انسانیت کی خدمت کے حصول کے لئے اسی طرح اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں جس طرح تعلیم کے میدان میں کیں ، ہمارے والد محمد شریف مرحوم کا لگایا پودا آج ایک تناور درخت بن چکا جس کے سائے تلے ہزاروں بچے اور بچیاں علم کے حصول کے لئے محنت کر رہے ہیں ۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ اپنی تمام قابلیت کو بروئے عمل میں لے کر آئیں گے ،آپ کے ذریعے جو مریض صحتیاب ہوں گے وہ قیامت تک آپ کو دعائیں دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں