سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی نئی لیب مکمل، ادارے کو ریونیو ملے گا: محسن نقوی

سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی نئی لیب مکمل، ادارے کو ریونیو ملے گا: محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)صرف 10 روز میں سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی نئی لیب و کولیکشن سنٹر مکمل کر دیا گیا، وزیراعلیٰ محسن نقوی کے 12 ماہ میں شعبہ صحت کا 42 واں منصوبہ آپریشنل ہوگیا۔ وزیراعلیٰ نے رات گئے نئی لیب و کولیکشن سنٹرکا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلٰی محسن نقوی نے نئی لیب و کولیکشن سنٹر کا معائنہ کیا۔وزیراعلٰی نے انتہائی مختصر عرصے میں نئی لیب و کولیکشن سنٹر کی تعمیر مکمل کرنے پر کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور نئی لیب و کولیکشن سنٹر کے معیار کی تعریف کی۔وزیر اعلی ٰنے نئی لیب و کولیکشن سنٹر کے استقبالیہ کا معائنہ کیا اور سٹاف سے گفتگو کی۔محسن نقوی نے کہا کہ انتہائی کم وقت میں بہترین لیب و کولیکشن سنٹر کا قیام خوش آئند ہے ۔نئی لیب و کولیکشن سنٹر سے ادارے کو ریونیو بھی ملے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شعبہ صحت کے 42 ویں پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔وزیر اعلٰی پنجاب نے صوبائی وزراء کے ہمراہ بادشاہی مسجد اورمزار اقبالؒ کا دورہ کیا۔بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبالؒ کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔

شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بنائے گئے لاہور فورٹ کیفے کابھی افتتاح کیا۔تبرکات مقدسہ کے لئے بنائے جانے والے نئے میوزیم کے معیار کو سراہا۔تبرکات مقدسہ رکھنے کے لئے نئے اور خوبصورت شو کیسز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عظیم ہستیوں سے منسوب تبرکات کوبہترین جگہ پر محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کو بہترین انداز سے علیحدہ علیحدہ محفوظ رکھا جائے گا۔مزار اقبال ؒکے بیرونی احاطے میں نئی ٹائلز،ماربل لگانے اور اندرونی حصے کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل ہو گیا۔وزیراعلیٰ نے مزار اقبالؒ کی تعمیر وبحالی اور اپ گریڈیشن کے کام کا معائنہ کیا۔

وزیراعلٰی محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر حاضری دی اوردعا کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار اقبالؒ پر حاضری کیلئے عقبی دروازہ استعمال کرنے کے ایس او پیزتیار کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ لاہور فورٹ کیفے کے قیام سے سیاح لطف اندوز ہوں گے ۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔نگران وزیراعلٰی پنجاب نے گورنر پنجاب کو نگران سیٹ اپ کی 13 ماہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نگران حکومت کی کارکردگی کے بارے گورنر پنجاب کو کتاب پیش کی۔گورنر پنجاب نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر محسن نقوی اور کابینہ کی کارکردگی کو سراہا۔گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آپ کی لیڈرشپ میں نگران حکومت نے عوامی خدمت، شفافیت اور گورننس کی اچھی مثال قائم کی ۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھڑک سنگھ حویلی اوراکبری محل کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ کاباقاعدہ آغاز کر دیا۔کھڑک سنگھ حویلی اور اکبری محل کے مختلف حصے دیکھے اورگہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کو کھڑک سنگھ حویلی سے برآمد ہونے والے پرانے جہاز کے انجن کے بارے میں بتایاگیا۔وزیراعلیٰ نے کھڑک سنگھ حویلی سے برآمد ہونے والے قدیمی نوادرات بھی دیکھے ۔وزیراعلیٰ نے کھڑک سنگھ حویلی اور اکبری محل میں بحالی کے جاری کاموں کا جائزہ لیا اورکھڑک سنگھ حویلی کے بالا خانے اور بالاخانے کی چوبی چھت کابھی معائنہ کیا۔ محسن نقوی کو کھڑک سنگھ حویلی کی دیواروں پر موجود پلستراتار کر نانک چندی اینٹوں کے بارے میں بتایاگیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھڑک سنگھ حویلی اوراکبری محل کی بحالی کے پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بی بی پاکدامن مزار روڈ کا افتتاح کردیا۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا مزار بی بی پاکدامن روڈ علاقے کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہو گی ،روڈپر پارکنگ کی جگہ بھی بنائی ہے ،لوگ گاڑی کھڑی کر کے دربار جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا چیف سیکرٹری،آئی جی،سی سی پی او،چیئرمین پی اینڈ ڈی،تمام سیکرٹریزاورکابینہ ممبران کا شکریہ جنہوں نے 13ماہ ساتھ دیا۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اور صوبے کو مزید ترقی دے ۔ محسن نقوی نے کہا اگر انجانے میں کوئی بھول چوک ہوگئی ہوتو عوام سے معذرت خواہ ہوں،اگلی حکومت کافی کام کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں