این اے 15:فریقین کو دستاویزات فراہمی، دلائل دینے کا حکم

این اے 15:فریقین کو دستاویزات فراہمی، دلائل دینے کا حکم

اسلام آباد (نیوزرپورٹر، دنیا نیوز، اے پی پی) الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی عذرداری پر سماعت کرتے ہوئے تمام فریقین کو دستاویزات اور دلائل دینے کا حکم دے دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سماعت کی۔نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون نے کہا ریٹرننگ افسر کی رپورٹ تاحال نہیں دی گئی، رپورٹ پڑھے بغیر دلائل نہیں دے سکتا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کبھی آپ تاخیر سے آتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ریکارڈ نہیں ملا۔ جہانگیر جدون نے کہا حتمی دلائل دینے کا آخری موقع دیں، 125 پولنگ سٹیشنز کا نتیجہ فارم 47 میں شامل نہیں، چیف الیکشن کمشنر نے کہا آر او نے رپورٹ میں یہ دعویٰ مسترد کر دیا۔ کمیشن نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ زیارت 7 کے گیارہ پولنگ سٹیشنز پر 29 فروری کوری پولنگ کے احکامات جاری کر دیئے ، پولنگ صبح آٹھ تا شام پانچ بجے ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی۔23 میں دوبارہ پولنگ کی درخواست الیکشن ٹربیونل کو بھجوا دی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان اور شاہ محمد جتوئی پر مشتمل بینچ نے سماعت کی، امیدوار عبدالقدوس بزنجو کے وکیل نے الزام لگایا حلقے میں دھاندلی ہوئی دوبارہ پولنگ کرائی جائے ۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے ۔106 ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں کے کیس پر دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو کامیاب امیدوار کے وکیل ظفر اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا فارم 45 کے مطابق ہم 7 ہزار کی لیڈ سے جیت چکے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں