پنجاب حکومت غیر آئینی ، زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکے گی :پی ٹی آئی

پنجاب حکومت غیر آئینی ، زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکے گی :پی ٹی آئی

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں )تحریک انصاف نے کہاہے کہ دھاندلی زدہ نتائج کے ذریعے غیر آئینی پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر براجمان ہونے والوں نے پنجاب کی جعلی وزیر اعلیٰ کا انتخاب کیا۔

دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں قائم ہونے والی غیر آئینی حکومت کی عمارت زیادہ دیر تک قائم نہ رہ سکے گی اور اپنے ہی بوجھ تلے دب جائے گی۔تحریک انصاف کے ترجمان نے مریم نواز کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر پارٹی ردعمل جاری کرتے ہوئے کہاکہ ، سالہا سال سے ملک و قوم کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنانے والا خاندان ایک بار پھر پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم کرنے کیلئے سرگرم ہے ۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر کرفیو نافذ کر کے تحریک انصاف کے نامزد امیدوار اورمنتخب اراکین کو اجلاس میں شرکت سے روکنا غیرآئینی اور شرمناک ہے ، ایک شکست زدہ خاتون کو اقتدار کی کرسی تک پہنچانے کیلئے عوام کا مینڈیٹ چرانے کے بعد اب ایوان کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے ، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے نامزد امیدوار کی ماسوائے اس کے کوئی سیاسی حیثیت و اہمیت نہیں کہ وہ عدالت سے سزایافتہ مستند قومی مجرم کی بیٹی ہے ۔رہنما تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی بطور وزیر اعلیٰ پنجاب ‘‘سلیکشن’’ جمہوریت کے دامن پر ایک بدنما داغ ہے ، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو انتخاب میں بری طرح شکست کھانے والے کرداروں کو غیر قانونی طور پر پنجاب اسمبلی میں جمع کیا گیا، مریم نواز کو قانون و ضوابط کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک نامکمل ایوان سے وزیراعلیٰ سلیکٹ کروانے کی شدید مذمت کرتے ہیں، مریم نواز کی غیر آئینی ‘‘سلیکشن’’ سے صوبے میں استحکام کے امکانات کو شدید دھچکا پہنچے گا اور پنجاب کے عوام کے غم و غصّے میں اضافہ ہوگا۔صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دھاندلی کے ذریعے ہاری ہوئی سیٹیں واپس لے گی،الیکشن کمیشن نے دھاندلی نہیں بلکہ دھاندلا کر کے اپنے چہرے کو بدنما اور کالک زدہ کر دیا ہے ،اسی سال بانی پی ٹی آئی نہ صرف جیل سے باہر ہوں گے بلکہ وزیراعظم کا حلف بھی اٹھائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں