بانی پی ٹی آئی سے وکلا کو علیحدگی میں ملاقات کی اجازت

 بانی پی ٹی آئی سے وکلا کو علیحدگی میں ملاقات کی اجازت

اسلام آباد، لاہور (اپنے نامہ نگار سے ، کورٹ رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان سے جیل مینوئل کے مطابق وکلاء کو پرائیویسی میں ملاقات کی اجازت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ وکلاء کی ملاقات کے دوران کوئی اہلکار کھڑا نہیں ہو گا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے بانی پی ٹی آئی کی وکلاء سے پرائیویسی میں ملاقات کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں بانی تحریک انصاف اور شاہ محمود قریشی کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے )کو نوٹس جاری کر دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا جبکہ توشہ خانہ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت غیر موثر قرار دے دی گئی ۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بانی پی ٹی آئی کی 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس اور توشہ خانہ نیب ریفرنس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس میں درخواست ضمانت پر آئندہ ہفتے کے لئے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا جبکہ توشہ خانہ نیب کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کو غیر موثر قرار دے دیا۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی پروڈکشن کی درخواست پر جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں غیر حاضر ملزموں سے متعلق مزید کارروائی کے لئے سماعت ملتوی کر دی ۔لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس کے جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دی۔ جسٹس عالیہ نیلم کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں