قومی اسمبلی اجلاس29فروری کو بلانے کا فیصلہ،سنی اتحاد کی مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن میں آج سماعت

قومی اسمبلی اجلاس29فروری کو بلانے کا فیصلہ،سنی اتحاد کی مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن میں آج سماعت

اسلام آباد(نمائندہ دنیا، سٹاف رپورٹر،نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)صدر مملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری مسترد کرکے واپس بھیج دی جس کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 29 فروری(جمعرات )کونئی قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

دوسری طرف پاکستان سنی اتحاد کونسل کی قومی وصوبائی اسمبلی میں مخصوص نشستوں بارے درخواستوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان آج سماعت کریگا ۔ تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری پر اعتراض لگاتے ہوئے کہا کہ پہلے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو مکمل کریں پھر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے ۔ صدر مملکت نے سمری وزیراعظم ہاؤس اور وزارت پارلیمانی امور کو واپس بھجوا دی ، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے 26فروری کو صبح دس بجے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر کو ارسال کی تھی۔ دوسری طرف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 29 جنوری کوصبح 10بجے اجلاس بلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 91 کی دفعہ 2 کے تحت طلب کیا جائیگا تاکہ عام انتخابات کے بعد 21 روز کے اندر قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس بلانے کا آئینی تقاضا پورا کیا جاسکے ۔ آئندہ چند گھنٹوں میں اجلاس طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ۔ قومی اسمبلی کے حکام کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہورہا ہے کہ اجلاس صدر کی منظوری کے بجائے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے بلایا جارہا ہے جس کی قانون اجازت دیتا ہے ۔

ادھر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں گزشتہ روز اہم ہنگامی اجلاس ہوا،سپیکر نے وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون و انصاف سمیت اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسر وں اور آئینی ماہرین سے صدر مملکت کی جانب سے سمری مسترد کرنے کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کی۔اجلاس میں سپیکر کو بتایا گیا کہ آئین کے مطابق 29 فروری تک اجلاس بلانا ضروری ہے ،صدر مملکت کے سمری پردستخط نہ کرنے سے اسمبلی اجلاس کی طلبی میں کوئی رکاوٹ نہیں، صدرکا اختیار 21 ویں دن سے پہلے تک اجلاس طلب کرنے کا ہوتا ہے ،سمری مسترد کرنے کے باوجود قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو ہوگا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوصی نشستوں کے معاملے پر 5 رکنی بینچ تشکیل دیدیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ سنی اتحاد کونسل کی درخواستوں پر آج صبح 10بجے سماعت کرے گا ، بینچ میں ممبران الیکشن کمیشن نثار درانی،شاہ محمد جتوئی،بابرحسن بھروانہ اور جسٹس (ر)اکرم اللہ شامل ہیں ۔ الیکشن کمیشن نے سماعت کی کاز لسٹ جاری کردی ،الیکشن کمیشن اسی معاملے پر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی، محمود احمدخان، مولوی اقبال حیدر اور کنز السادات کی درخواستوں پر بھی سماعت کریگا،متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں