پنجاب:پہلے مرحلے میں 16رکنی کابینہ بنانے پر مشاورت مکمل

 پنجاب:پہلے مرحلے میں 16رکنی کابینہ بنانے پر مشاورت مکمل

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں کابینہ کی تشکیل دو مراحل میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 16 رکنی کابینہ تشکیل دی جائے گی جس پر (ن) لیگ اور اتحادیوں کے درمیان مشاورت مکمل ہوچکی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 7 سے 10 وزرا کو پنجاب کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کا بتانا ہے ن لیگ سے 13، مسلم لیگ (ق)سے 2 اور آئی پی پی سے ایک وزیر کابینہ میں شامل ہوگا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں بیگم ذکیہ شاہنواز، مریم اورنگزیب ، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، بلال یاسین اور مجتبیٰ شجاع الرحمن شامل ہوں گے ۔اس کے علاوہ خضر حسین مزاری، منشاء اللہ بٹ، عاشق کرمانی، نعیم خان بھابھہ، عظمیٰ بخاری، فیصل ایوب، شیر علی گورچانی،احمد خان لغاری، راحیلہ خادم حسین اور سبطین بخاری بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں ملک آصف، اختر بوسال، یاور زمان، فدا حسین، ملک تنویر، اسلم ملک، اسد کھوکھر، فرخ جاوید اور سلمان نعیم کو پنجاب کابینہ میں شامل کیا جائے گا جبکہ ق لیگ کے شافع حسین اور آئی پی پی کے غضنفر چھینہ بھی کابینہ کا حصہ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی دوسرے مرحلے میں پنجاب کابینہ میں شامل ہوگی۔ پیپلز پارٹی کو بجٹ کے بعد 3 وزارتیں دئیے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے پنجاب کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کیلئے ن لیگ اور پی پی کمیٹیاں کام کررہی ہیں، علی حیدرگیلانی، نیلم جبار اور رئیس نبیل کی پنجاب کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے ۔واضح رہے جنوبی پنجاب سے منتخب پیپلزپارٹی کے اراکین نے پارٹی قیادت سے پنجاب کابینہ میں شمولیت کامطالبہ کیاتھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں