نتائج ووٹوں سے نہیں،ریاضی فارمولوں پر بنائے گئے :سراج الحق

 نتائج ووٹوں سے نہیں،ریاضی فارمولوں پر بنائے گئے :سراج الحق

لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن سلیکشن کا نام ہے تو قوم سے مذاق اور اربوں روپے ضائع کرنے کی کیا ضرورت ہے ،الیکشن نتائج ووٹوں کی گنتی پر نہیں ریاضی کے فارمولوں پر مرتب کئے گئے۔

 کرپشن زدہ لوگوں کو ایوانوں میں پہنچانے کاسلسلہ جاری رہا تو ملک مزید سانحات کا شکار ہوسکتا ہے ، جمہوریت پر یقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں کو جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، دھاندلی بے نقاب کرنے کیلئے تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کریں گے ، مسئلہ جیت ہار کا نہیں حق دار کے حق کا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں ذمہ داروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ دھاندلی کے نتیجہ میں بننے والی حکومت کبھی بھی عوامی مسائل حل نہیں کرسکے گی ، اداروں نے قوم کے اعتماد کو مجروح کیا،عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوگیا، الیکشن کمشنر دھاندلی کی ذمہ داری قبول نہیں کررہے ، ڈھٹائی سے نتائج تبدیل کئے گئے ، الیکشن قوانین کے مطابق فارم 45نتائج ہی فائنل رزلٹس ہیں ، الیکشن آڈٹ کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ۔ سراج الحق نے کہا کہ عوام کے احساسات کو راستہ نہ دیا گیا تو خطرہ ہے ہمیں بحیثیت مجموعی کوئی اور سانحہ دیکھنے کو نہ مل جائے ، مقتدر حلقوں کو کہنا چاہتا ہوں آپ غیر جانبدار ہوکر حلف کی پاسداری کریں گے تو ملک مضبوط ہوگا ،ملک میں جاری شطرنج کا کھیل اب بند ہونا چاہیے ،عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرنا ہوگا ،الیکشن کے بعد پولرائزیشن اور سیاسی عدم استحکام میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں