سینیٹ:پی ٹی آئی کا قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاج،واک آؤٹ:الیکشن شفاف نہیں،چیف الیکشن کمشنر استعفی دیں :ن لیگی سینیٹر

سینیٹ:پی ٹی آئی کا قیدیوں کی رہائی کیلئے احتجاج،واک  آؤٹ:الیکشن شفاف نہیں،چیف الیکشن کمشنر استعفی دیں :ن لیگی سینیٹر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، آئی این پی)پی ٹی آئی نے سینیٹ اجلاس کے دوران قیدیوں کی رہائی کے لیے شدید احتجاج کیا اور ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔پی ٹی آئی ارکان نے جیلوں میں قید خواتین کے حق میں پلے کارڈ زاٹھا کر احتجاج کیا اور چیئرمین ڈائس کا گھیرا ؤکیا،سینیٹرز نے قیدی خواتین اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے نعرے لگاتے ہوئے ڈپٹی سپیکر کی جانب سے مائیک نہ دینے پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔

مسلم لیگ ن کی سینیٹر سعدیہ عباسی نے الیکشن شفاف نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی زیر صدارت ہوا، پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید طویل عرصے بعد ایوان میں آئے تو پی ٹی آئی سینیٹرز نے ان کا استقبال کیا،بیرسٹر علی ظفر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 9ماہ سے ہماری خواتین سے سیاسی انتقام لیا جا رہا ، ایک کیس سے نکلتی ہیں تو جیل کے باہر سے دوسرے کیس میں پکڑ لیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا نظام آئین پر مبنی ہے ، آئین میں واضح لکھا ہے جس جماعت کی جتنی نشستیں ہیں اس کے مطابق انہیں مخصوص نشستیں ملیں گی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا الیکشن کمیشن میں جاکر ہماری سیٹیں مانگنا غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے ، سیاسی جماعتوں کا کوٹے سے ہٹ کر مخصوص نشستیں لینے کا دعویٰ کرنا غیر آئینی اقدام ہے ۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سعدیہ عباسی نے چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو سیٹیں پی ٹی آئی کی بنتی ہیں ان کو دی جائیں، جو کچھ اس الیکشن میں ہوا اس سے نظریں نہیں چھپاتے ، چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے تھا الیکشن شفاف نہیں تھا۔

سعدیہ عباسی نے کہا کہ 2018کے الیکشن میں زیر عتاب ن لیگ تھی اب پی ٹی آئی زیر عتاب ہے ، اگر خدیجہ شاہ رہا ہوسکتی ہے تو یاسمین راشد ، صنم جاوید اور دیگر کا کیا قصور ہے ، ان کا قصور یہ ہے کہ خدیجہ شاہ کی پہنچ ہے لیکن دیگر کی نہیں ، اعجاز چودھری کے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے چاہئیں ۔ جماعتِ اسلامی کے مشتاق احمد نے سوال اٹھایا کہ غزہ کے لیے غیر مسلم ممالک تو عالمی عدالتِ انصاف میں جا رہے ہیں، مسلم ممالک کیوں نہیں جا رہے ؟۔علاوہ ازیں وقفہ سوالات کے دوران نگران وزیر اطلاعات ، نشریات وپارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیرمعمولی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے طلباو طالبات کے وظائف کیلئے 35 سے 40 ہزار درخواستیں موصول ہوتی ہیں ، ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے درخواستوں کو نمٹانے کادورانیہ کم کیاجاسکتاہے ۔ نگران وزیراعظم کے مشیر برائے ہوا بازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین نے کہا کہ پی آئی اے نے ملائشیا کی کمپنی سے 2015 میں لیزپر لئے جانے والے دونوں جہاز 26 ملین ڈالر کی ادائیگی کر کے واپس لے لئے ۔ بعدازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے 10بجے تک ملتوی کر دیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں