آرمی چیف سے اے ایس پی شہر بانو کی ملاقات،خاتون کو ہجوم سے بچانے پر کردار کو سراہا

آرمی چیف سے اے ایس پی شہر بانو کی ملاقات،خاتون کو ہجوم سے بچانے پر کردار کو سراہا

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

 آزادی کے بعد  سے پاکستانی خواتین نے اپنی قابلیت، استقامت اور عزم کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک خود کو ممتاز کیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ملاقات میں آرمی چیف نے اے ایس پی شہر بانو کی ڈیوٹی کے دوران بے لوث لگن اور ایک غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرنے پر تعریف کی۔نڈر پولیس آفیسر شہربانو نقوی نے 26 فروری کو لاہور کے اچھرہ بازار میں مشتعل ہجوم سے ایک خاتون کو بحفاظت نکالا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا خواتین پاکستانی معاشرے کا ایک انمول حصہ ہیں اور ان کا احترام ہمارے مذہب کے ساتھ ساتھ ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے ۔جنرل عاصم منیر نے سماجی ہم آہنگی کی اہمیت اور عدم برداشت کو روکنے کے لیے ملک گیر اتفاق رائے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔آرمی چیف نے قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا تحفظات اور شکایات کے حل کے لیے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔ انہوں نے اسلام کے حسن سلوک اور احسان کے ابدی پیغام پر بھی روشنی ڈالی ۔جنرل عاصم منیر نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں