کردار، جرات اور قابلیت پر مبنی پھرپور سپاہیانہ صفات پاک فوج کا خاصا:آرمی چیف

کردار، جرات اور قابلیت پر مبنی پھرپور سپاہیانہ صفات پاک فوج کا خاصا:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)ساتویں پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مشق کھاریاں گیریژن میں اختتام پذیر ہوگئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔۔۔

 60 گھنٹے طویل مشق کا مقصد تجربات کے اشتراک کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانا تھا،مشق میں پاک فوج کی 7 اور دوست ممالک کی 15 ٹیموں نے حصہ لیا۔دوست ممالک میں بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش قطر، امریکا، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکی کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے بطور مبصر شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں 25 سے 27 فروری 2024 تک منعقد کی گئی، آرمی چیف نے شریک دستوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ اس طرح کی مشقوں کے دوران سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ٹیم سپرٹ مقابلے پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں اور حصہ لینے والے سپاہیوں کی حکمت عملی کو یکجا کرنے کا صحیح فورم ہے جہاں جنگ کے بدلتے ماحول کے سامنے ٹیم کے جذبے کو فروغ ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کردار، جرات اور قابلیت پر مبنی بھرپور سپاہیانہ صفات پاک فوج کا خاصا ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں نے اس کردار کا بھرپور طریقے سے مظاہرہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آخر میں آرمی چیف نے مشق کے شرکا کو انفرادی اور ٹیم ایوارڈز سے نوازا، تقریب میں دوست ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور شرکا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا،قبل ازیں آمد پر کمانڈر منگلا کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔دریں اثنا چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کے خصوصی احکامات پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختوخوا نارتھ میجر جنرل نورولی خان 27 فروری 2024 کو مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونیوالے ایس پی اعجاز خان کے گھر گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی ایف سی نے شہید کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی اور پاک فوج کی جانب سے شہید اعجاز خان کے اہلخانہ کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔ بعدازاں آئی جی ایف سی نے ریجنل پولیس آفس مردان کا دورہ کیا اور کاٹلنگ میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں