عدت نکاح کیس :سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے منظور

عدت نکاح کیس :سزاؤں کیخلاف اپیلیں سماعت کیلئے منظور

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے نکاح کیس میں سزاؤں کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں وکلا کے دلائل کے بعد سماعت کیلئے منظور کرلیں۔

عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت11مارچ تک ملتوی کردی۔اسلام آبادہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود کی سائفر کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں میں جواب کیلئے نوٹسز جاری کردئیے اوربانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی توشہ خانہ ریفرنس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ آپ کی سزا کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیتے ہیں اورسماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرانے بانی پی ٹی آئی کی6 ،بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت میں ویڈیولنک پر حاضری کا حکم دے دیااور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ویڈیو لنک انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت6مارچ تک ملتوی کردی۔ادھراحتساب عدالت اسلام آباد میں زیر سماعت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کے خلاف فرد جرم کی چارج شیٹ سامنے آگئی،چارج شیٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ اپریل 2019 میں القادر یونیورسٹی کا کوئی وجود نہیں تھا،برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی نے 190 ملین پاؤنڈ کا سراغ لگایا،190 ملین پاؤنڈز پاکستان منتقل ہونے سے قبل اثاثہ ریکوری یونٹ کے سربراہ شہزاد اکبر نے پراپرٹی ٹائیکون سے خفیہ معاہدہ کیا،بانی پی ٹی آئی رولز آف بزنس 1973 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں،شہزاد اکبر نے 6 دسمبر 2019 کو نیشنل کرائم ایجنسی کے رازداری ڈیڈ پر دستخط کئے ،چارج شیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے القادر ٹرسٹ کو اپنے اثر و رسوخ سے کابینہ میں منظور کروایا،بشریٰ نے 24 مارچ 2021 کو بطور ٹرسٹی دستاویزات پر دستخط کرکے بانی پی ٹی آئی کی مدد کی،ریفرنس میں کل58گواہان ہیں جبکہ عدالت نے طلبی کے باوجود مسلسل عدم پیشی پر مرزا شہزاد اکبر،فرحت شہزادی،ذلفی بخاری اور ضیا المصطفی نسیم سمیت 6شریک ملزموں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کررکھے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں