طوفانی بارشوں کی پیش گوئی، کراچی میں ایمرجنسی نافذ، آج آدھی چھٹی

طوفانی بارشوں کی پیش گوئی، کراچی میں ایمرجنسی نافذ، آج آدھی چھٹی

گوادر، کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں)کراچی میں آج طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کرکے آج دفاتر میں آدھی چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ،وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیرضروری طورپرگھروں سے نہ نکلیں۔

رین ایمر جنسی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جمعہ کے روز کراچی، حیدر آباد، دادو ،ٹھٹھہ،بدین، جامشورو، نوشہرو فیروز،شہید بینظیر آباد، میر پور خاص،خیر پور، سکھر، جیکب آباد، کشمور ، موئن جودڑواورلاڑکانہ میں آندھی ،جھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقا مات پر موسلادھار بارش،ژالہ باری کا بھی امکان ہے ، شہر کے مضافات میں درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے ۔ میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔رین ایمرجنسی کا فیصلہ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگوئی کے بعد طلب کیے جانے والے اجلاس میں کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور ہسپتالوں کو اس حوالے سے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے باعث آج کراچی میں سرکاری اور نجی اداروں میں اوقات کار دوپہر2بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔، کراچی میں دوپہر 2 بجے کے بعد 3 تا 4 بارش کے اسپیل ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعلیٰ نے کے الیکٹرک کو واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ دوسری طرف ناظم امتحانات جامعہ کراچی کے مطابق بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل اور ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل ضمنی امتحانات برائے 2023 ء کے یکم مارچ2024 ء کو ہونے والے امتحانات بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ملتوی ہونے والے امتحانات اب 7 مارچ2024 ء کو منعقد ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں